سننداپشکر قتل کیس کی تحقیقات تین مشتبہ افراد پر پولی گراف ٹسٹ کی اجازت

نئی دہلی۔ 20 ۔ مئی (سیاست ڈاٹکام) شہر کیایک عدالت نے آج سنندا پشکر قتل کیس میں تین مشتبہ افراد پر پولی گراف (جھوٹ کا پتہ چلانے کا آلہ) ٹسٹ کروانے کیلئے دہلی پولیس کواجازت دیدی ہے۔ قبل ازیں 3 مشتبہ افراد ششی تھرور کے گھریلو ملازم نارائن سنگھ ، ڈرائیور بجرنگی اور دوست سنجے دیوان نے پولی گراف ٹسٹ کیلئے آمادگی ظاہر کی تھی جسپر عدالت نے یہ احکامات جاری کئے ہیں۔ میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ سنیل کمار شرما نے کہا کہ تین مشتبہ افراد پر پولی گراف ٹسٹ کی اجازت قومی حقوق انسانی کمیشن اور سپریم کورٹ کے رہنمایانہ خطوط کی تابع ہوگی۔ سماعت کے دوران پولیس نے عدالت سے کہا کہ تحقیقات کے دوران 3 مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی لیکن انہوں نے بعض اہم حقائق کو پوشیدہ رکھا ہے ۔ پولیس نے ادعا کیا کہ ان لوگوں نے تمام حقائق کا انکشاف نہیں کیا اور سنندا پشکر کے جسم پر زخموں سے متعلق کلیدی حقائق کو راز میں رکھا۔ تاہم 3 مشتبہ افراد کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکلین نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے ۔ وکیل دفاع نے مجسٹریٹ سے کہا کہ پولیس کو چاہئے کہ عدالت کو مطلع کرے کہ وہ کسی نوعیت کے سوالات کرے گی اور پولی گراف ٹسٹ کے دوران کیا پوچھنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے موکلین پولی گراف ٹسٹ کے لئے آمادہ ہے کیونکہ ہم یہ تاثر نہیں دینا چاہتے کہ تحقیقات سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران مختلف افراد بشمول نارائن ، بجرنگی اور دیوان سے پوچھ تاچھ کی گئی جو کہ تھرور اور پشکر کے بااعتماد ملازمین تھے اوران کی موت سے قبل یہ لوگ ہوٹل لیلا پیالس میں موجود تھے لیکن قتل سے متعلق اہم حقائق کو راز میں رکھا جس کا پتہ چلانے کیلئے پولی گراف ٹسٹ کی ضرورت ہے۔