سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل، مشرف پاکستان نہیں چھوڑ سکتے

اسلام آباد ۔ 23 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ یعنی ’ای سی ایل‘ سے نکالنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ آج معطل کر دیا ہے۔عدالت نے اس ضمن میں وفاق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی اور کہا ہے کہ اس درخواست کی سماعت کے بعد دیکھا جائے گا کہ آیا مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے یا نہیں۔ سندھ ہائی کورٹ نے 12 جون کو سابق صدر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اُن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا ۔ تاہم اس فیصلے پر عمل درآمد 15 روز کے بعد ہونا تھا۔جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے وفاق کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی۔اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے کہاکہ ملزم مشرف کے خلاف غداری کے علاوہ دیگر سنگین مقدمات ہیں اور ان مقدمات میں سرکاری گواہوں کے بیانات قلم بند کیے جارہے ہیں۔ اْنھوں نے کہا کہ ملزم کو عدالت میں پیش کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔