کامیابی کا سفر جاری رہے ، ساری قوم آپ کے ساتھ ہے، ریو اولمپکس کے خیرسگالی سفیر سچن تنڈولکر کی حوصلہ افزائی
حیدرآباد۔ 28 اگست (پی ٹی آئی) کرکٹ کی عظیم شخصیت سچن تنڈولکر نے ریو اولمپک گیمس میں میڈلس جیتنے پر پی وی سندھو اور ساکشی ملک کی تعریف کی اور کہا کہ یہ دونوں کے شاندار سفر کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی اسپورٹس کیلئے یہ ایک یادگار لمحہ ہے۔ ان دونوں کا سفر تو اب شروع ہورہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ سفر کہیں نہیں رکے گا۔ ان دونوں کو ہم سب کی بھرپور تائید حاصل رہے گی۔ سچن نے کہا کہ ریو اولمپکس میں میڈلس جیتنے کا لمحہ سارے ملک کیلئے خوشی سے بھرپور تھا اور ہم خوشی سے اُچھل پڑے تھے۔ وہ آج ایک تہنیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں ریو اولمپکس کی سلور میڈل حاصل کرنے والی شٹلر پی وی سندھو اور برانز میڈل جیتنے والی ریسلر ساکشی ملک کے علاوہ جمناسٹک اتھیلیٹ دیپا کرماکر اور بیڈمنٹن کوچ پولیلا گوپی چند کو بی ایم ڈبلیو کاریں بطور تحفہ دی گئیں۔ سچن تنڈولکر جو ریو اولمپکس میں ہندوستانی ٹیم کے خیرسگالی سفیر تھے، انہوں نے گوپی چند بیڈمنٹن اکیڈیمی کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں کار کی کنجیاں انہیں حوالے کیں۔ سچن نے کہا کہ گوپی چند ایک غیرمعمولی رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے زبردست صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور ہم سب ان کے معترف ہیں۔ آپ ہی حقیقی ہیرو ہیں۔ ہمیں مزید میڈلس حاصل کرنے کیلئے آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ وہ دیگر کوچیس کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ساری قوم کی جانب سے وہ یہ کہنے کے موقف میں ہیں کہ میڈلس حاصل کرتے ہوئے ان اتھلیٹس نے ہمارے ملک کا سَر فخر سے اونچا کردیا۔ وہ ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے نہ صرف تائید کی بلکہ اتھلیٹس کیلئے دعائیں بھی کیں۔ سچن نے کہا کہ اتھلیٹس کی تیاریاں ان کی قربانیاں (کھانے کے معاملے میں پابندی اور فون پر تحدید) رائیگاں نہیں گئیں۔ اس کا مقصد ہی یہی تھا کہ آپ کھیل پر توجہ مرکوز کریں۔ ہم سب کو آپ پر فخر ہے۔ ہم آپ کی اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ جو آپ نے میڈل جیتنے کے بعد کہی تھی کہ ہم برانز کو گولڈ اور سلور کو گولڈ (آئندہ ٹوکیو اولمپکس گیمس) میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔ ان کا اشارہ ساکشی اور سندھو کے دیئے گئے بیانات کی طرف تھا۔ اس موقع پر گوپی چند نے کہا کہ تین خاتون اتھیلیٹس نے غیرمعمولی مظاہرہ کیا ہے۔ ہندوستان میں عام طور پر کہا جاتا ہے کہ ’’لڑکی کو بچایئے‘‘ لیکن اب ’’لڑکی کے ذریعہ بچایا گیا‘‘ ہے۔ ان کا اشارہ ریو اولمپکس کے نتائج کی طرف تھا۔ انہوں نے ہندوستان کی شان اور فخر کیلئے ان اتھلیٹس کا شکریہ ادا کیا۔
گوپی چند نے کہا کہ آپ تینوں لڑکیاں قابل مبارکباد ہیں۔ آپ کی کوششیں گولڈ میڈل سے کم نہیں۔ کئی سال کے بعد ہم نے گزشتہ اولمپکس میں برانز (سائنا نہوال) جیتا تھا، شکر ہے کہ سندھو کی محنت کے باعث اب ہم نے سلور میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے سچن تنڈولکر کی بھی ستائش کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم اسپورٹس سفیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سچن کی تائید ہمارے لئے کافی اہمیت رکھتی ہے۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن اسوسی ایشن کے صدر چمندیشور ناتھ نے چار شخصیتوں کو اس غیرمعمولی کامیابی پر لگژری کاروں کا تحفہ پیش کیا۔ شٹلر پی وی سندھو نے یاد دلایا کہ جب انہیں سوئفٹ ڈیزائر کار تحفہ میں دی گئی اس وقت سچن سَر نے ان سے کہا تھا کہ اگر وہ اولمپک میڈل جیتیں گی تو وہ انہیں یقینا ایک اور کار دیں گے۔ سندھو نے کہا کہ آج وہ دن آگیا۔ وہ سچن سَر اور چمنڈی سَر کا یہ کار تحفہ دینے پر شکریہ ادا کرتی ہیں۔ ساکشی نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریو کو تنہا گئی تھیں لیکن اب سارا ہندوستان ان کے ساتھ ہے۔ دیپا نے تمام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بغیر میڈل کے بھی انہیں اتنی تائید مل رہی ہے۔ اس کے لئے وہ سچن سَر کی شکر گزار ہیں۔