سندریا وگنیان کیندر میں آج تلنگانہ سواراج سموادا کا جلسہ عام

یوگیندر یادو کی شرکت و مخاطبت ، چھایہ رتن اور دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سواراج ابھیان کے زیر اہتمام 12 مئی بروز منگل صبح 10-30 بجے دن سندریا وگنیان کیندرم باغ لنگم پلی ایک جلسہ عام بعنوان ’تلنگانہ سواراج سموادا ‘ منعقد ہوگا ۔ جس میں مسٹر یوگیندر یادو بحیثیت مہمان خصوصی شرکت و مخاطب کریں گے ۔ یہ بات آج یہاں رکن سواراج ابھیان ریٹائرڈ آئی اے ایس شریمتی چھایہ رتن نے پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ سواراج سموادا کے انعقاد کا مقصد ملک میں برسر اقتدار مرکزی و ریاستی حکومتوں کی مخالف عوام اور مخالف کسان پالیسیوں سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پروگرام میں ریاست تلنگانہ کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والی مختلف عوامی و سماجی تنظیموں جیسے خواتین تنظیموں کسان تنظیموں ، نوجوانوں کی تنظیموں سے وابستہ سرکردہ شخصیتوں اور ریٹائرڈ ججس ، ہیومن رائٹس اراکین اور دیگر اہم قائدین کی کثیر تعداد شرکت کرے گی ۔ اس موقع پر کمانڈر سدھیر پرکالا ، عادل محمد ، شریمتی انیتا راؤ ، رجنیش شرما ، اویناش مالویا ، ڈاکٹر سدھاکر بھی موجود تھے ۔۔