ممبئی ۔ 12 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پونے جیل میں مقید فلمی اداکار سنجے دت کو ایک نئی مصیبت نے گھیر لیا ہے جبکہ مہاراشٹرا جیل حکام کی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ انھوں نے پیرول پر رہائی کے بعد مقررہ مدت سے 2 یوم کے زائد قیام کرتے ہوئے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے ۔ریاستی محکمہ داخلہ کو پیش کردہ ایک رپورٹ میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس ؍ محابس میران بورونکر نے بتایا کہ خرابی صحت کی بناء پیرول پر رہائی کے بعد مزید 14 یوم کی توسیع کیلئے سنجے دت کی درخواست پر کارروائی کیلئے ممبئی پولیس اور جیل عہدیداروں کے درمیان تال میل کا فقدان پایا گیا ۔ انھوں نے بتایا کہ فلمی اداکار نے اضافی 2 یوم جیل کے باہر قیام کرکے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے جس پر کارروائی کی جاسکتی ہے۔