سنجے دت کی قبل ازوقت رہائی، حکومت مہاراشٹرا سے وضاحت طلب

ممبئی 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائیکورٹ نے فلم اداکار سنجے دت کو 1993 ء سلسلہ وار بم دھماکے مقدمہ میں جیل سے قبل ازوقت رہائی منظور کرنے کے فیصلے پر حکومت مہاراشٹرا کو دو ہفتوں کی مہلت منظور کی ہے۔ سنجے دت کو اسلحہ رکھنے کے الزام میں 5 سال جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔ قانونی چارہ جوئی کے دوران وہ ضمانت پر تھے اور سپریم کورٹ نے جب سزا برقرار رکھی، اِس کے بعد مئی 2013 ء میں اُنھوں نے خودسپردگی اختیار کرلی۔ سنجے دت کو فروری 2016 ء میں جیل سے رہا کردیا گیا۔ حکام نے اُن کے بہتر طرز عمل کی بناء سزا مکمل ہونے سے 8 ماہ پہلے ہی رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈیویژن بنچ نے ریاستی حکومت کو گزشتہ ماہ حلف نامہ داخل کرتے ہوئے وضاحت طلب کی تھی کہ قبل ازوقت رہائی کن بنیادوں پر عمل میں آئی۔ پونے کے ساکن پردیپ بھالیکر نے مفاد عامہ کی درخواست داخل کرتے ہوئے سنجے دت کو متواتر پیرول اور فرلاف منظور کئے جانے کے فیصلے کو چیلنج کیا۔ بنچ نے آج سماعت مزید دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی اور حکومت مہاراشٹرا کو حلف نامہ داخل کرتے ہوئے اپنا فیصلہ واجبی قرار دینے سے متعلق وضاحت طلب کی۔