سنجے دت کی رہائی میں قوانین کی خلاف ورزی نہیں : ہائیکورٹ

ممبئی ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بمبئی ہائیکورٹ نے آج کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اداکار سنجے دت کی آٹھ ماہ قبل رہائی میں قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے ۔ سنجے دت کو 1993 سلسلہ وار بم دھماکوں کے مقدمہ میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔ انہیں سزا کی تکمیل سے آٹھ ماہ قبل ہی رہا کردیا گیا تھا ۔ جسٹس ایس سی دھرم ادھیکاری اور جسٹس بھارتی ڈانگری پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنے اس ادعا کو ثابت کرنے میں کامیاب رہی کہ اس نے سنجے دت کے معاملہ میں غیر جانبداری سے کام کیا ہے ۔ اس معاملہ میں عدالت نے مفاد عامہ کی ایک درخواست کو مسترد کردیا جس میں سنجے دت کی قبل از وقت رہائی کو چیلنج کیا گیا تھا ۔ درخواست میں ریاستی حکومت پر سنجے دت کے معاملہ میں جانبداری سے کارروائی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا ۔