ممبئی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اداکار سنجے دت کو پونے کی یروڈا جیل سے بار بار پیرول پر رہا کئے جانے کا معاملہ متنازعہ ہوگیا ہے جہاں اس بار انہیں ان کی بیوی مانیتا کے خرابی مزاج کی وجہ سے پیرول پر رہا کیا گیا ہے ۔ سنجے دت کے فیملی ڈاکٹر اجئے چوگلے نے کہا کہ مانیتا کے جگر میں ٹیومر ہے اور ساتھ ہی ساتھ انہیں عارضہ قلب بھی لاحق ہے جس کی وجہ سے گزشتہ 15 تا 20 دنوں کے درمیان ان کا 10 کیلو وزن کم ہوگیا ہے ۔ ڈاکٹر نے کہا کہ انہوں نے مانیتا کو اپنے کچھ اہم ٹسٹ کروانے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ قلب کی سرجری کی جائے یا نہیں۔ چوگلے گلوبل ہاسپٹل کے قلب کی پیوند کاری کے ماہر ڈاکٹر تسلیم کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مانیتا نے ایک ہفتہ قبل ان سے ملاقات کی تھی اور میں نے انہیں کچھ ادویات لکھ کر دی تھیں۔ قبل ازیں مانیتا لیلاوتی ہاسپٹل بھی گئی تھیں جہاں انہیں انجیو گرافی کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا تاکہ ان کے قلب کے موجودہ موقف کا پتہ لگایا جاسکے۔ جسکے بعد مانیتا نے ڈاکٹر چوگلے سے مشاورت کی تھی ۔ سنجے دت 1993 ء ممبئی بم دھماکوں کے ملزم ہیں اور پونے کی یراوڈا جیل میں اپنی مابقی سزا پوری کر رہے ہیں۔ اخبارات میں مانیتا کے ایک فلم پریمیئر اور ایک مشہور اداکار کی سالگرہ پارٹی میں شرکت کی تصاویر شائع ہونے کے بعد یہ شکوک و شبہات پیدا ہوگئے تھے کہ آیا سنجے دت کا اپنی بیوی کے مزاج خراب ہونے کا دعویٰ صحیح ہے یا غلط ؟