سنت نمازوں کی فضیلت اور ثواب

محی الدین احمد جاوید

پنجوقہ نمازوں میں فرض کے علاوہ سنت نمازیں بھی ادا کی جاتی ہیں، جن کی فضیلت اور ثواب کا ذکر احادیث میں ملتا ہے۔ ام المؤمنین حضرت سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’فرض کے علاوہ جو شخص بارہ رکعتیں دن رات میں پڑھا کرتا ہے، اس کے لئے ایک گھر جنت میں بنادیا جاتا ہے‘‘۔ (مسلم)
ام المؤمنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’صبح کی دو سنتیں دُنیا اور جو کچھ دُنیا میں ہے، ان سے بہتر ہیں‘‘۔ (مسلم و ترمذی)
ام المؤمنین حضرت ام حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ظہر کے فرض سے پہلے جو شخص چار رکعتیں پڑھا کرتا ہے تو اس شخص پر دوزخ کی آگ حرام کردی جاتی ہے‘‘۔ (ابوداؤد و ترمذی)
حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ظہر سے قبل کی (چار) رکعتوں کا ثواب ایسا ہی ہے، جیسے تہجد کی نماز کا ثواب‘‘۔ (طبرانی)
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’عصر سے پہلے چار رکعت پڑھنے والوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رحمت کی دُعا دی ہے‘‘۔ (ابوداؤد و ترمذی)
مغرب اور عشاء کی دو دو سنتوں کا ثواب بھی بہت ہے، اللہ تعالیٰ ان سنتوں کے پڑھنے والوں کا گھر جنت میں بنائے گا۔ علاوہ ازیں مغرب کے بعد چھ رکعت نماز اوابین (نفل) کا ذکر بھی حدیث شریف میں ہے۔