عابد علی خاں آئی ہاسپٹل پر حجامہ کیمپ، ادارہ ٔ سیاست سے اظہارِ تشکر ، ڈاکٹر سید اسد پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔ 7 جون (پریس نوٹ) ڈاکٹر سید اسد پاشاہ موظف جوائنٹ ایڈوائزر یونانی محکمہ آیوش حکومت ِ ہند نے حجامہ طریقہ علاج کو انتہائی قدیم، سنت کی روشنی میں اور سائنسی اعتبار سے کامیاب طریقہ علاج قرار دیا اور مرد و خواتین سے صحت مند اور بیماروں کو حجامہ کروانے کی خواہش کی۔ ڈاکٹر سید اسد پاشاہ نے ادارہ سیاست کی جانب سے منعقدہ ایک روزہ مرد و خواتین کے حجامہ کیمپ کا عابد علی خاں آئی ہاسپٹل، دارالشفاء پر افتتاح کرنے کے بعد یہ بات کہی۔ ابتداء میں حکیم سید غوث الدین کوآرڈینیٹر کیمپ نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے ادارۂ سیاست کی جانب سے مہینے میں دو مرتبہ حجامہ کیمپ منعقد کیا جارہا ہے جہاں پر یونانی کے ماہر اطباء حضرات اور لیڈی ڈاکٹرس ، مریضوں کا معائنہ کرتے ہوئے مفت علاج و معالجہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 15 ہزار سے زائد مرد و خواتین نے کیمپ سے استفادہ کیا۔ حجامہ کیمپ میں نظامیہ طبی کالج کے فارغ التحصیل یونانی ڈاکٹرس کے علاوہ بیرون ریاست کے یونانی ڈاکٹرس بھی کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔ کیمپ میں حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع، مہاراشٹرا، کرناٹک کے مختلف مقامات سے مریض شرکت کرتے ہوئے حجامہ کروا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ کیمپ میں گوا سے بھی مریضوں نے شرکت کرتے ہوئے علاج کروایا۔ انہوں نے اس موقع پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب ظہیرالدین علی خاں مینیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے علاوہ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کا شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی اور تعاون سے حجامہ کیمپ منعقد ہوا اور ادارۂ سیاست کے اسٹاف کا بھی تعاون رہا۔ ڈاکٹر اسد پاشاہ نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خود حجامہ کروایا اور صحابہ کو بھی حجامہ کروانے کا مشورہ دیا۔ چاند کی 17، 19 اور 21 تاریخ کو حجامہ کروانے کو تمام بیماریوں سے شفا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دورِ جدید کی سائنس نے بھی حجامہ کو تسلیم کیا ہے اور اس کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک امریکہ، چین، یوروپ، جنوبی آفریقہ، سعودی عرب میں اپنایا جارہا ہے اور لوگ اس طریقہ علاج سے استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ادارۂ سیاست کی سماجی، تہذیبی، ملی، طبی، ادبی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جناب زاہد علی خاں ، جناب ظہیرالدین علی خاں اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی خدمات کو خراج تحسین ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اسی طرح سے وہ تادم زیست ملت کی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ ڈاکٹر اسد پاشاہ نے کہا کہ محکمہ آیوش کی جانب سے یونانی آیورویدک اور دیگر طریقہ علاج کے لئے حکومت ہند نے علیحدہ سے وزیر مقرر کیا ہے تاکہ یہ فن ترقی کرے۔ ڈاکٹر اسد پاشاہ نے کہا کہ ان کے دور ملازمت میں حجامہ پر حکومت ہند کی طرف سے چار سنٹر آف ایکسلنس کا آغاز ہوا۔ حجامہ اور علاج پر نہ صرف دیوبند، حیدرآباد میں اور مدراس میں اس کے سنٹر کام کررہے ہیں بلکہ اس کے اچھے نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں فالج پر، دیوبند میں وجع المفاصل پر اور مدراس میں علاج التدبیر پر کام ہورہے ہیں۔ انہوں نے تمام یونانی اطباء کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت ہند کی اسکیموں سے بھرپور استفادہ کریں اور فنی طب یونانی کی ترقی کے ساتھ اپنا نام بھی روشن کریں۔ اس حجامہ کیمپ میں ڈاکٹر محمد عبدالمجیب کی زیرنگرانی یونانی ڈاکٹرس نے مرد حضرات کا معائنہ کیا اور ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ کی زیرنگرانی لیڈی ڈاکٹرس نے خواتین کا معائنہ کیا۔ اس کیمپ میں جملہ 500 سے زائد مرد و خواتین نے استفادہ کیا۔ کیمپ کے کامیاب انعقاد پر جناب ایم این بیگ، جناب خالد محی الدین اسد، جناب فہیم انصاری اور دیگر نے اہم رول ادا کیا۔