سنتوش موہن دیو کا انتقال، قائدین کا اظہار تعزیت

رام ناتھ کووند، نریندر مودی، سونیا گاندھی کا اظہار تعزیت
سلچر، 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سنتوش موہن دیو کا آج یہاں انتقال ہوگیا۔ وہ 83 سال کے تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ بیتھیکا دیو اور چار بیٹیاں ہیں۔ ان کی اہلیہ آسام اسمبلی کی رکن رہ چکی ہیں اور بیٹی سشمیتا دیو سلچر سے کانگریس کی لوک سبھا رکن ہیں۔ سنتوش دیو گزشتہ کئی دنوں سے علیل تھے ۔ انہیں 26 جولائی کو دل کا دورہ پڑنے پر مقامی خانگی اسپتال ویلی ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر میں داخل کرایا گیا تھا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت والی یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا تھا۔ اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ انکے جسم کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کردیا تھا جس کے سبب آج صبح انہوں نے آخری سانس لی۔ کنبہ کے ذرائع کے مطابق ان کی آخری رسومات کل یہاں ادا کی جائیں گی۔ نئی دہلیسے موصولہ اطلاع کے بموجب صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر کانگریس سونیا گاندھی نے سابق مرکزی وزیر سنتوش موہن دیو کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔کووند نے ٹویٹ کیا کہ سنتوش دیو کے انتقال سے نہ صرف ان کے خاندان کا، بلکہ آسام اور پورے ملک کا نقصان ہواہے۔ مودی نے بھی دیو کی موت پر اظہارغم کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کی بھلائی کے لیے ہمیشہ کام کرتے رہے۔