سم کارڈ سوائپنگ کے ذریعہ بینک کھاتے سے رقم نکالنے پر 2 افراد گرفتار

حیدرآباد 26 مارچ (سیاست نیوز) سم کارڈ سوائپنگ کے ذریعہ بینک کھاتے سے رقم نکالنے والے دو افراد کو رچہ کنڈہ پولیس کے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کرلیا۔ پولیس رچہ کنڈہ سائبر کرائم کے مطابق ایک خاتون سندھیا نے شکایت درج کروائی تھی کہ اُن کے شوہر جن کی موت ہوگئی ہے ان کے بینک کھاتے سے لاکھوں روپئے کی رقم غائب ہوچکی ہے۔ سندھیا کا شوہر سارنگا دیپک متوز اینڈ کمپنی میں بہ حیثیت ٹیکس کنسلٹنٹ خدمات انجام دیتا تھا اس ملازم کی خرابی صحت کے سبب اچانک موت ہوگئی۔ جب خاتون سندھیا شوہر کی جائیداد اور تمام معاملات کی حقدار ہونے کیلئے قانونی کوشش کررہی تھی اور جب اس نے صداقت نامہ حاصل کرلیا تو اس خاتون کو پتہ چلا کہ اس کے شوہر کا کوٹک مہیندرا بینک میں کھاتا تھا اور وہ ایک سیونگ اکاؤنٹ رکھتا تھا جب خاتون نے بینک سے تفصیلات حاصل کی تو انھیں پتہ چلا کہ اس کے شوہر کے بینک اکاؤنٹ سے 3,68,056 روپئے نکال لئے گئے ہیں جس کا انھیں علم نہیں اس بات سے پریشانی کا شکار خاتون نے پولیس میں شکایت کی۔ رچہ کنڈہ پولیس نے خاتون کی شکایت کے بعد بینک کا اسٹیٹمنٹ نکالا اور رقم کے تبادلہ کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ٹکنیکل ثبوت جمع کرلئے اور جن پر شبہ تھا انھیں حراست میں لے لیا اور پوچھ گچھ کے دوران دو افراد نے اپنے جرم کو قبول کرلیا۔ رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس کے مطابق دو افراد متوز ستیہ نارائنا 48 سال ساکن آئی ڈی پی ایل کالونی اور 36 سالہ پرہلا درگا پرساد ساکن کوکٹ پلی کو گرفتار کرلیا۔ یہ دھوکہ باز بینک کھاتے سے رقم نکال رہے تھے۔ فرضی دستاویزات کے ذریعہ سم کارڈ حاصل کرکے شکایت گذار خاتون کے شوہر کے بینک کھاتے سے اسے منسلک کردیا گیا اور خاتون کے شوہر کے نمبر کو ہٹادیا گیا جس کے ذریعہ یہ لوگ بہت ہی چالاکی سے ایک خاندان کو دھوکہ دے رہے تھے۔ سم کارڈ کے ذریعہ سوائپنگ کرتے ہوئے رقم ان کے ذاتی اخراجات کیلئے استعمال کررہے تھے اور حقیقی مستحقین کی حق تلفی کررہے تھے۔ رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس نے ایسے دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہنے شہریوں سے درخواست کی ہے اور مشورہ دیا کہ وہ اپنے بینک کھاتے کی جانچ کرتے رہیں اور ذرا سی بھی زیادہ شک و شبہ پر پولیس سے رجوع ہوں اور کسی بھی صورت میں اپنے بینک کھاتے اور فون نمبر کی تفصیلات کو سوشل میڈیا سے دور رکھیں۔