سمیع کو جان سے مارنے کی دھمکی، تحفظ کا مطالبہ

نئی دہلی ۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹسٹ فاسٹ بولرمحمد سمیع نے اپنی بیوی حسین جہاں کی طرف سے مل رہی دھمکیوں کے بعد ریاستی حکومت سے سیکورٹی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ محمد سمیع نے دعوی کیا ہے کہ انہیں ان کی بیوی کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تو محمد سمیع نے مغربی بنگال حکومت سے خصوصی سیکورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔ سمیع نے مسلسل مل رہی دھمکیوں کے بعد ریاستی حکومت سے سیکورٹی گارڈ دیئے جانے کی بات کی ہے۔ واضح رہے کہ سمیع اوران کی بیوی تحسین جہاں کے درمیان کافی وقت سے تنازعہ چل رہا ہے۔ سمیع کی بیوی حسین جہاں نے شوہر پرالزام عائد کیا کہ وہ ان کے ساتھ مارپیٹ کرتے ہیں اوران کے کسی پاکستانی لڑکی سے ناجائز تعلقات بھی ہیں۔انہوں نے ساتھ یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ محمد سمیع میچ فکسنگ میں شامل ہیں حالانکہ بی سی سی آئی کی جانچ میں یہ ثابت نہیں ہوسکا اورحسین جہاں کے فکسنگ سے متعلق الزامات غلط ثابت ہوئے۔ اس کے بعد انہیں ٹیم میں میچ کھیلنے کا بھی موقع ملا۔حال ہی میں سمیع نے اپنی بیوی حسین جہاں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ دراصل حسین جہاں نے اپنے اوربیٹی کے خرچ کے لئے محمد سمیع سے ہرماہ 10 لاکھ روپئے دینے کا مطالبہ کیا تھا، جسے عدالت نے خارج کردیا تھا۔ عدالت نے محمد سمیع کو بیٹی کی پرورش کے لئے حسین جہاں کوہرماہ 80 ہزارروپئے دینے کا حکم دیا تھا۔