سمپت کمار، کرناٹک میں یادگیر کیلئے کانگریس انچارج

حیدرآباد۔ 22 اپریل (این ایس ایس) اے آئی سی سی کے صدر راہول گاندھی نے عالم پور کے رکن اسمبلی ایس اے سمپت کمار کو کرناٹک میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ضلع یادگیر میں کانگریس انچارج کی حیثیت سے مقرر کیا ہے۔ واضح رہے کہ سمپت کمار اور نلگنڈہ کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے حال ہی میں حیدرآباد ہائیکورٹ میں ایک مقدمہ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تلنگانہ اسمبلی سے ان دونوں ارکان کی رکنیت منسوخ کردی گئی تھی۔ اسپیکر کے فیصلہ کو کانگریس کے ان دونوں ارکان نے عدالت عالیہ میں چیلنج کیا تھا۔ سمپت کمار نے اس ذمہ داری کے تفویض کئے جانے پر صدر کانگریس اظہار تشکر کیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ راہول کی قیادت میں کرناٹک کے انتخابات میں کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی اور بی جے پی کا صفایا ہوجائیگا۔ اس طرح جنوبی ہند کی ریاست میں فرقہ پرست حکومت کے قیام کی کوششیں ناکام ہوجائیں گی