سمندری کچھوے۔ سبز اور زیتونی

بچو! آپ یہ تو جانتے ہی ہیں کہ پرندے درختوں پر گھونسلے بناتے ہیں یا پھر عمارتوں میں جالیاں وغیرہ تلاش کرتے ہیں، لیکن یہ حقیقت آپ کیلئے تعجب کا باعث ہوگی کہ سمندر میں رہنے والے کچھوے انڈے دینے کیلئے گھونسلے خشکی پر بناتے ہیں۔
چاندنی رات میں سمندر کے ریتیلے ساحل پر جانے کا اتفاق تو ہوا ہوگا۔سورج چھپنے کے کچھ دیر بعد سمندر میں سے گہرے سبز رنگ کے جانور برآمد ہونا شروع ہوتے ہیں جو پانی سے نکل کر خشکی کی طرف نہایت سُست رفتاری سے رینگتے ہوئے چلتے ہیں۔ ان کا پورا جسم ایک نہایت مضبوط لیکن بھاری خول (SHELL) سے ڈھکا ہوتا ہے جو ان کی سُست رفتاری کی وجہ ہے۔ یہ جانور کچھوے کہلاتے ہیں۔ دنیا میں اس وقت سمندری کچھوؤں کی آٹھ قسمیں ملتی ہیں۔ کچھوؤں کا تعلق رینگنے والے جانوروں یعنی ہوام (REPTILIA) سے ہے۔