سمندری طوفان ندی کے پیش نظر چین کا ریڈالرٹ

بیجنگ ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج سمندری طوفان ندی کے پیش نظر ریڈالرٹ جاری کیا۔ یہ سمندری طوفان جنوبی چین کے ساحل سے کل ٹکرانے کا امکان ہے۔ چنانچہ چین اور ہانگ کانگ کی سینکڑوں پروازوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ چین کے سرکاری سمندری انتظامیہ نے ریڈالرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سمندری طوفان ندی کی وجہ سے سمندر کی اونچی امواج اٹھنے کا اندیشہ ہے۔ اس طوفان کے ساتھ 130 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی۔ آج رات سے کل تک سمندر کی امواج کی بلندی 11 میٹر ہونے کا امکان ہے۔ شمالی و جنوبی بحرچین میں جنوبی خلیج تائیوان میں 7 میٹر بلند موجود ہوسکتی ہیں۔ ایک تخمینہ کے بموجب سمندر کی سطح آب اور دریائے پرل کی سطح آب میں 220 سنٹی میٹر کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ توقع ہیکہ سمندری طوفان ندی چین کے صوبہ گوانگ ڈانگ سے کل علی الصبح ٹکرائے گا۔ غالباً یہ ٹکراؤ دریائے پرل کے ڈیلٹا کے قریب ہوگا۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ژنہوا نے اطلاع دی کہ چین کے چار صوبوں نے سمندری طوفان پر گہری نظر رکھی ہے اور قبل از وقت یا بروقت انتباہ جاری کیا جائے گا۔