سمندری طوفان سے متاثرہ ٹیکساس میں بچائی ہو ئی ہندوستانی طالبہ فوت

ہوسٹن ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دوسری ہندوستانی طالبہ آج فوت ہوگئی۔ چند دن قبل اسے طغیانی زدہ جھیل سے بچایا گیا تھا۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں ہفتہ کے دن سمندری طوفان ہاروی نے تباہی مچائی ہے۔ 25 سالہ شالینی سنگھ پبلک ہیلت میں ماسٹرس ڈگری ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹی سے کررہی تھی، اسے جھیل برائن سے بچایا گیا تھا جہاں وہ ایک اور ہندوستانی طالب علم نکھل بھاٹیہ کے ساتھ ہفتہ کے دن تیرنے گئی تھی۔ بھاٹیہ 30 اگست کو ہاسپٹل میں فوت ہوگیا جبکہ شالینی سنگھ نازک حالت ہونے کے باوجود زندہ تھی۔ اسے کل رات ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ اس کا چھوٹا بھائی اور ماموں بذریعہ طیارہ 30 اگست کو نئی دہلی سے یہاں پہنچے تھے اور اس کی موت کے وقت اس کے ساتھ تھے۔ وہ دہلی کی متوطن تھیں۔ وہ گذشتہ ماہ دو سالہ ماسٹرس ڈگری کی تکمیل کیلئے امریکہ آئی تھی۔