سمندروں پر تسلط کی لڑائی کیخلاف ہند کا انتباہ

نریندر مودی کا سنگاپور میں لیکچر ۔ میزبان وزیراعظم کیساتھ ڈنر
سنگاپور ، 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چین اور بعض مشرقی ایشیائی اقوام کے درمیان بحیرہ جنوبی چین کے بارے میں تعطل کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ سمندر، خلاء اور سائبرورلڈ ’’لڑائیوں کے نئے خطرات‘‘ نہیں بننے چاہئیں بلکہ یہ ’’مشترک خوشحالی‘‘ کے مواقع بنیں اور اس سمت میں کام کرنے کیلئے پیشکش کی۔ یہاں لیکچر دیتے ہوئے مودی نے بتایا کہ کس طرح ہندوستان اور چین نے اپنے سرحدی خطے کو پُرسکون اور مستحکم رکھا ہے حالانکہ ’’یکسوئی طلب مسائل‘‘ موجود ہیں جن میں دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تنازعہ شامل ہے۔ وزیراعظم مودی اپنے اولین دورہ سنگاپور پر آج ’’مسرور مہمان‘‘ رہے جہاں انھوں نے علاقہ لٹل انڈیا میں واقع انڈین رسٹورنٹ میں اپنے ہم منصب لی سیان لونگ اور اُن کی اہلیہ کے ساتھ ویجیٹیرین ڈنر کا لطف اٹھایا۔ اس دوران وارانسی سے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی ‘ کے بموجب وزیراعظم مودی اپنے جاپانی ہم منصب شینزو آبے کے ہمراہ 12 ڈسمبر کو اپنے پارلیمانی حلقہ انتخاب وارانسی کا دورہ کریں گے۔ جاپانی وزیراعظم کی 11 ڈسمبر کو ہندوستان کے دورے پر آمد کا پروگرام ہے۔