نئی دہلی 8 دسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے فلمی دنیا سے مکمل طور پر اپنا ناطہ نہیں توڑا ہے بلکہ وہ آج بھی ’ آل اِژویل ‘ نامی فلم میں کام کررہی ہیں جہاں وہ رشی کپور کی بیوی کا رول ادا کر رہی ہیں ۔ تاہم انہوں نے پروڈیوسرس کو یہ واضح کردیا ہے کہ وزارت کی ذمہ داری نبھانے کے بعد انہیں کم وقت مل پاتا ہے اس کے باوجود بھی وہ ہر ہفتہ یا اتوار کو شوٹنگ کے لیے دستیاب رہیں گی ۔ آل اژویل فی الحال سمرتی ایران کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیمامالنی کی طرح وہ بھی صرف چنندہ فلموں یا سیرئیل میں کام کریں گی ۔ آل اژویل انہوں نے لوک سبھا انتخابات سے پہلے سائن کی تھی اور انہیں توقع تھی کہ 2014 کے اختتام سے قبل وہ اپنا کام مکمل کرلیں گی لیکن انکی پارٹی کی کامیابی ، مرکز میں حکومت سازی اور خود انہیں ایچ آر ڈی وزارت کا قلمدان سونپے جانے کے بعد ان کی مصروفیات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔