لاہور ، 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی حکام نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سمجھوتہ اکسپریس ٹرین سرویس کو تااطلاعِ ثانی معطل کردیا ہے، پلوامہ حملے کی مابعد صورتحال میں کشیدہ باہمی روابط کے درمیان ایک عہدہ دار نے جمعرات کو یہ بات کہی۔ یہ ٹرین یہاں سے پیر کو اور لاہور سے جمعرات کو روانہ ہوتی ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سمجھوتہ اکسپریس کی سرویس پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگیوں کے تناظر میں آج (جمعرات) معطل کی گئی۔ ہفتے میں دو بار چلائی جانے والی ٹرین طے شدہ پروگرام کے مطابق 16 مسافرین کے ساتھ لاہور سے روانہ ہونے والی تھی۔ترجمان نے ٹرین سرویس کے احیاء کیلئے کوئی مخصوص تاریخ بتائے بغیر کہا کہ سمجھوتہ اکسپریس جیسے ہی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سکیورٹی صورتحال بہتر ہوجائے اپنی خدمات بحال کرے گی۔ دفتر خارجہ کا بیان ریلوے کے ترجمان کے آج صبح یہ کہنے کے بعد سامنے آیا کہ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہندوستان کو صبح 8:00 بجے (مقامی وقت) روانہ ہونے والی ٹرین سرویس منسوخ کردی گئی ہے۔