… 2007 ء کے جڑواں دھماکے کیس …
حیدرآباد۔/27جون، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں 2007ء کے جڑواں بم دھماکے کیس کی سماعت اندرون دو ماہ مکمل ہونے کا امکان ہے۔ نامپلی کریمنل کورٹ میں زیر التواء گوکل چاٹ اور لمبنی پارک بم دھماکے کیس کی سماعت کو سیکورٹی کی وجہ سے چرلہ پلی سنٹرل جیل میں قائم کی گئی خصوصی عدالت میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کیس میں گرفتار انڈین مجاہدین کے مبینہ ارکان اے شفیق سید، محمد صادق، اکبر اسمعیل چودھری، انصار احمد بادشاہ شیخ کے خلاف تعزیرات ہند اور انسداد غیر قانونی سرگرمیاں کے تحت مقدمہ چلایا جارہا ہے۔ چرلہ پلی جیل میں قائم کی گئی خصوصی عدالت کی سماعت ہر پیر، منگل اور چہارشنبہ کو ہوگی۔ اب تک 171 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے ہیں اور ان پر جرح بھی مکمل ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ 25 اگسٹ 2007 کو کوٹھی گوکل چاٹ اور لمبنی پارک میں جڑواں بم دھماکے ہوئے تھے جس میں 42 افراد ہلاک اور 54 زخمی ہوگئے تھے اور اس سلسلہ میں پولیس نے انڈین مجاہدین کے مبینہ ارکان کو گرفتار کیا تھا۔ اس کیس کی سماعت کو اندرون دو ماہ مکمل کرنے کیلئے ریاست کی کاؤنٹر انٹلیجنس کوشش کررہی ہے۔