سماعت ملتوی کرنے کی خواہش، حکومت مہاراشٹرا پر جرمانہ

ممبئی ۔ 7 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت مہاراشٹرا کی فلمی انداز میں التواء کی درخواست کرنے پر سرزنش کرتے ہوئے بمبئی ہائیکورٹ نے 25 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا۔ عدالت نے بم دھماکے مہلوکین کے ورثا کو معاوضہ سے متعلق مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا۔ چیف سکریٹری ریاست مہاراشٹرا کو عدالت نے سمن جاری کیا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے۔ اس کے علاوہ حکومت نے دھماکے کہ متاثرین کے خاندانوں میں معاوضہ کی عدم ادائیگی اور زیر تصفیہ مقدمات کی تفصیلات کے سلسلہ میں حلفنامہ بھی داخل نہیں کیا تھا۔ پبلک پراسیکیوٹر نے جب حلفنامہ داخل کرنے وقت طلب کیا تو جسٹس ابھئے اوکا پر مشتمل بنچ نے فلمی انداز میں سماعت ملتوی کرنے کی خواہش پر یہ جرمانہ عائد کیا ۔ عدالت نے آئندہ سماعت 13 اکتوبر کو مقرر کی ہے۔ بنچ نے کہا کہ ہم اس بات کو سمجھ سکتے ہیں کہ چیف سکریٹری اس وقت مصروف ہوں گے کیونکہ ریاست میں انتخابات قریب ہیں لیکن حکومت مہاراشٹرا نے حلفنامہ داخل کرنے کیلئے التواء کی کیوں خواہش کی؟ بنچ نے استفسار کیا کہ حکومت نے آج ہی یہ حلفنامہ کیوں پیش نہیں کیا ؟ یہ مقدمہ 13 جولائی 2011 ء کو زاویری بازار اور دیگر علاقوں میں بم دھماکوں سے متعلق ہے۔