سماج کے تمام طبقات کو معیاری تعلیم فراہمی کے اقدامات

آندھرائی حکمرانوں سے شعبہ تعلیم تباہ ، کے پربھاکر کا میڈیا سے خطاب
حیدرآباد۔ 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے کہا کہ حکومت تمام طبقات کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں تعلیم کے شعبہ کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ آندھرائی حکمرانوں نے اس شعبہ پر کوئی توجہ نہیں دی۔ سرکاری اداروں کو مستحکم کرنے کے بجائے خانگی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ کو اس قدر مہنگا کردیا گیا کہ عام اور متوسط طبقات کے لیے تعلیم کا حصول مشکل ہوچکا تھا۔ غریب افراد اپنے بچوں کی تعلیم کے لیے جائدادیں فروخت کرنے پر مجبور ہوچکے تھے۔ کانگریس دور حکومت میں کارپوریٹ اداروں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ حکمرانوں نے اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے خانگی شعبہ کو فروغ دیا جس کے نتیجہ میں سرکاری شعبہ میں تعلیم بری طرح متاثر ہوئی۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے تعلیم کو غریب خاندانوں تک پہنچانے کا انتظام کیا ہے۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات کے طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں اقامتی اسکولس قائم کئے گئے انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں میں تمام تر سہولتیں مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیس بازادائیگی اسکیم کے سابقہ حکومت کے بقایہ جات تلنگانہ حکومت ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ اسکیم کے علاوہ بیرون ملک تعلیم کے لیے اورسیز اسکیم کی رقم کو 10 لاکھ سے بڑھاکر 20 لاکھ کردیا گیا ہے۔ تعلیمی شعبہ سے متعلق کانگریس قائدین کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ یہ وہی پارٹی ہے جس نے کبھی بھی غریبوں کی تعلیم پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم آج غریبوں سے ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں لیکن ان کے دور حکومت میں غریبوں کی تعلیم پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اور کارپوریٹ شعبہ کی حوصلہ افزائی کرنے والے آج غریبوں سے جھوٹی ہمدردی جتارہے ہیں۔ متحدہ آندھرا میں طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کیا گیا اور انہیں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے بجائے تعلیم کو صرف دولتمند خاندانوں تک محدود کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں حکومت ہر غریب کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔