دیانت چیاریٹیبل ٹرسٹ کا سالانہ تقسیم اسکالرشپس و ایوارڈس
حیدرآباد۔ 26 مارچ (راست) خدمت خلق بالخصوص تعلیمی میدان میں خدمات انجام دینا اور نونہالانِ ملت کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا عظیم کام ہے۔ جس کی بدولت سماج میں مثبت تعمیری انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سید نعیم الدین صدر دیانت چیاریٹیبل ٹرسٹ نے 34 واں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد اسکالرشپس و ایوارڈس سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر نعیم الدین نے گائیڈنس اسکول میں اسمارٹ کلاس کا افتتاح انجام دیا۔ ڈاکٹر سید فیض احمد سیکریٹری ٹرسٹ نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں کوتاہی نہ برتیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 34 برس سے دیانت چیاریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے معاشی اعتبار سے پست مگر ہونہار طلباء و طالبات کی تعلیمی اعانت کی جارہی ہے اور ایک فری اسکول ’’دِی گائیڈنس اسکول‘‘ بھی ٹرسٹ کی جانب سے چلایا جارہا ہے۔ ڈاکٹر فیض احمد نے مزید کہا کہ اس اسکول میں بنیادی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم اور اخلاقی تعلیم کا بھی نظم ہے جہاں پرسکون ماحول میں طلبہ اپنے تعلیمی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سالانہ جلسہ کے موقع پر طلبہ نے متاثرکن مظاہرہ پیش کیا۔ طلبہ نے اخلاقی، سماجی و تعلیمی حالات کو ڈراموں کی شکل میں پیش کرکے داد و تحسین حاصل کیں۔ اس موقع پر مہمانان مسٹر ناگیشور راؤ مینیجر بینک آف بروڈا ، ڈاکٹر خواجہ بدرالدین صدیقی، ڈاکٹر بہاء الدین انصاری، قاری و حافظ نصیرالدین منشاوی، مسٹر عرفان جابری، مسٹر مختار احمد، مسٹر انیس احمد الیاس، مسٹر سلمان فاروقی، ایم اے رحمن نعیم اور دیگر مہمانان نے شرکت کی۔ کمسن قاریہ وجیہہ کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا اور ڈی رانی مہیشوری کے شکریہ پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔