سماج وادی حکومت بے حس :بینی پرساد ورما

لکھنو 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سماجوادی حکومت انتہائی غیر حساس ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے مرکزی وزیر بینی پرساد ورما نے کہا کہ حکومت سائیفائی میں موج مستی کررہی ہے جبکہ مظفر نگر فسادات کے متاثرین ریلیف کیمپوں میں پریشان ہیں۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پڑوس میں موت واقع ہوجائے تو گھروں میں کھانا تیار نہیں ہوتا لیکن یہ لوگ ہیں کہ موج مستی میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائیفائی میں کروڑہا روپئے کی رقم سرکاری خزانہ سے خرچ کی گئی۔

ان کا اشارہ 15 دن سے جاری سائیفائی مہااتسو کی طرف تھا جو کل رات اختتام کو پہنچا اور اس میں فلمی دنیا کی نامور شخصیتوں نے حصہ لیا۔ ملائم سنگھ یادو کے آبائی موضع سائیفائی میں مہااتسو پروگرام رکھنے کے تعلق سے پوچھے جانے پر بینی پرساد ورما نے کہا کہ اس سے بدتر بات اور کیا ہوسکتی ہے۔ٹی وی چینلس پر کافی کچھ دکھایا جارہا ہے لیکن یہ لوگ بے شرم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے سماجوادی پارٹی پر زور دیا کہ وہ اتنی بے حس نہ ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ مظفر نگر میں بچے مررہے ہیں۔ ایک آزاد ملک میں مخصوص فرقہ سے تعلق رکھنے والے عوام کو اپنے گھر چھوڑنے کیلئے مجبور ہونا پڑا ۔
اور وہ ریلیف کیمپوں میں زندگی گذاررہے ہیں ۔ مرکزی وزیر نے دعوی کیا کہ متاثرین کیلئے مضبوط کیمپس قائم کرنے ان کے اعلان کے بعد یو پی حکومت نے مظفر نگر میں ریلیف کیمپوں پر بلڈوزر چلادیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیا نے متاثرین کیلئے پہلے ہی ایک ماہ کا راشن فراہم کیا ہے اور ہم نے 10 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں لیکن یہ امداد اسی وقت دی جائے گی جب بازآباد کاری کیلئے استفادہ کنندگان کی فہرست فراہم کی جائے بصورت دیگر یہ رقم رقص پر خرچ کی جائیگی۔