سماج میں اُستاد کا اعلیٰ مقام ، طلبہ کو احترام کا مشورہ

مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی ٹیچرس ایوارڈ تقریب ، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) اُستاد کا سماج میں اعلیٰ مقام ہوتا ہے اور ان کا مرتبہ اُونچا ہے۔ استاد اپنے شاگرد کو اچھے مقام حاصل ہونے پر خوش ہوتا ہے۔ آج نئی نسل کے طلبہ میں جہاں اخلاقی گراوٹ آئی ہے، وہیں استاد کے احترام میں کافی کمی آئی ہے۔ ایک استاد کمرہ جماعت میں بچہ کا مستقبل بناتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین تعلیم سے یہاں پریس کلب بشیرباغ میں مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی تلنگانہ اے پی یونٹ کے زیراہتمام منعقدہ ٹیچرس ایوارڈس تقریب میں کیا۔ اس تقریب میں دونوں شہر حیدرآباد سکندرآباد کے 60 اسکولس کے مختلف اساتذہ کو ان کے نمایاں خدمات پر ایوارڈس عطا کئے گئے۔ تقریب کی صدارت جناب رحیم الدین کمال نائب صدر سوسائٹی نے کی اور اپنے صدارتی خطاب میں اساتذہ کو اپنے پیشہ سے انصاف کرنے کا مشورہ دیا۔ سینئر ایڈوکیٹ جناب غلام یزدانی نے اپنی تقریر میں استاد کے مقام کو اجاگر کرتے ہوئے مختلف واقعات کے حوالے سے کہا کہ استاد اور شاگرد اگر کسی مقام پر آئے تو جہاں شاگرد اپنے استاد کا احترام کرتا ہے، وہیں پر شاگرد کی ترقی سے استاد نہ صرف خوش ہوتا ہے بلکہ اس مقام پر پہنچانے میں اپنے رول کا ذکر کرتا ہے۔ جناب نذیر احمد نے ٹیچرس ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ ادارہ میں جو سکھایا جاتا ہے، ان پر اسکول میں عمل کرنے کا مشورہ دیا۔ جناب ایم ایس فاروق جنرل سیکریٹری نے خیرمقدم کیا۔ جناب منیرالدین علوی، احمد بشیر الدین فاروقی، جناب محمد احمد علی، خلیل الرحمن شہ نشین پر موجود تھے۔ سید سعادات نے بھی تقریر کی۔ طاہر فراز نے کارروائی چلائی۔ جناب ایم ایس فاروق نے شکریہ ادا کیا۔