علیحدہ زندگی گذارنے والے جوڑوں کو دوبارہ ملانے کی پہل ‘ آج رویندر بھارتی میں تقریب
حیدرآباد۔24جنوری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد بلدی مسائل کے ساتھ سماجی مسائل کو دور کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے علحدگی اختیار کرنے والے جوڑوں کو ملانے کے نئے سلسلہ کا آغاز کیا ہے۔ مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن نے بتایا کہ سماجی اصلاحات کے لئے عظیم تر بلدیہ کی جانب سے عظیم تر اقدام کیا جا رہا جو کہ معاشرتی تبدیلی میں اہم پیشرفت ثابت ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک اور شہروں میں شادی شدہ خاندانوں میں جھگڑوں کے سبب علحدگی کے واقعات ہوتے ہیں لیکن حیدرآباد میں اس برائی کے خاتمہ کیلئے جی ایچ ایم سی نے سماجی اصلاحات لانے کی غرض سے اس اقدام کا آغاز کیا تھا جس میں ملنے والی کامیابی جی ایچ ایم سی کیلئے حوصلہ افزاء ہے۔ مسٹر بی رام موہن نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے اس پراجکٹ پر مسلسل خدمات انجام دی جائیں گی اور ہر علحدہ جوڑے تک رسائی حاصل کرتے ہوئے کونسلنگ کی کوشش کی جائے گی۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ بلدی حدود میں ایک کروڑ کی آبادی میں 10000ایسے جوڑے ہیںجو معمولی جھگڑوں اور اختلافات کی بنیاد پر علحدہ زندگی گذار رہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی نے ان جوڑوں کو دوبارہ متحد کرتے ہوئے ساتھ زندگی گذارنے کیلئے کونسلنگ کے آغاز کی ذمہ داری شعبہ یو سی ڈی کو تفویض کی تھی اور یو سی ڈی کے عہدیداروں نے شہر میں موجود سیلف ہیلپ گروپ خواتین کی مدد سے ان علحدہ زندگی گذارنے والوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی کونسلنگ کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلدی حدود میں 160جوڑوں کی نشاندہی کی گئی جو علحدہ زندگی گذار رہے تھے جن میں کونسلنگ کے بعد 125جوڑوں نے دوبارہ ساتھ زندگی گذارنے پر رضامندی ظاہر کی جس پر انہیں 25جنوری کو رویندر بھارتی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران دوبارہ متحد کیا جائے گا۔ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ معمولی واقعات کی بناء پر علحدہ زندگی گذارنے والے جوڑوں کی علحدگی کے منفی اثرات ان کے بچوں کی نشونما و تربیت پر مرتب ہو رہے ہیں اسی لئے انہیں دوبارہ ایک ساتھ زندگی گذارنے کے قابل بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے بموجب 25جنوری کو جن علحدہ جوڑوں کو متحد کیا جائے گا ان میں کاپرا سے تعلق رکھنے والے 46‘ قطب اللہ پور کے 28‘ کوکٹ پلی کے 19‘چارمینار سے تعلق رکھنے والے 14‘راجندر نگر سے تعلق رکھنے والے 8‘ الوال کے 32 اور ملکا جگری کے 11جوڑے شامل ہیں جنہیں دوبارہ ساتھ زندگی گذارنے کیلئے راضی کروا لیا گیا ہے اور انہیں ایک تقریب میں متحد کیا جائے گا۔معمولی مسائل پر مشترکہ خاندانوں کو بکھرنے سے بچانے کیلئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے اس ذمہ داری کو معاشرتی و سماجی بھلائی کے کام کی حیثیت سے قبول کیا گیا ہے جس کے ذریعہ شہر میں موجود شادی شدہ رہتے ہوئے علحدہ زندگی گذارنے والے جوڑوںکو متحد کیا جائے گا۔