ٹی آر ایس حکومت کے خلاف احتجاج پر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /14 ستمبر (سیاست نیوز) انسانی حقوق اور سماجی جہد کار پروفیسر ہرگوپال اور دیگر کی نامپلی گن پارک کے قریب گرفتاری کے بعد ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پروفیسر ہرگوپال اور دیگر سماجی جہد کار آج یادگار شہیداں کے قریب تعلیم کے تحفظ کے احتجاجی پروگرام میں پہونچے تھے کہ حیدرآباد سٹی پولیس کی ٹاسک فو رس نے انہیں حراست میں لے لیا ۔ یہ احتجاج ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرنے میں ناکامی سے متعلق تھا ۔ پولیس نے پروفیسر ہرگوپال گن پارک پہونچتے ہی انہیں جبراً حراست میں لے لیا اور انہیں بولارم پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ پروفیسر ہرگوپال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا اور انہیں مختلف پولیس اسٹیشنس منتقل کردیا ۔ اس سلسلہ میں پروفیسر ہرگوپال نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت سماجی جہد کاروں اور انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والوں کے خلاف پولیس فورس کا بیجا استعمال کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم بچاؤ مہم کے طور پر 100 دن کا قومی شعور بیداری پروگرام منعقد کیا جارہا تھا جس پر پولیس نے یہ کارروائی کی ۔ سیول سوسائیٹی اور دیگر عوامی تنظیموں نے پروفیسر ہرگوپال کی گرفتاری کی مذمت کی اور حکومت پر عوام کی آواز کو کچلنے کا الزام عائد کیا ۔