تلنگانہ آزاد فورس کی یوم تاسیس تقریب ، پروفیسر کودنڈا رام کا خطاب
حیدرآباد۔2فبروری(سیاست نیوز) تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی چیرمن پروفیسر کودنڈارام نے کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں میں تلنگانہ کے ساتھ ہوئی ناانصافیوں کے سدباب کے لئے علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل ہی کافی نہیں ہے۔ آ ج یہاں چلکل گوڑہ میں تلنگانہ آزاد فورس کی دوسری یوم ِ تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جس طرح تلنگانہ ریاست کے حصول کے لئے جدوجہد کی گئی اسی طرح سنہری اور سماجیکا تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنانے کے لئے مخالف تلنگانہ سازشوںکو ناکام بنانے کی سعی درکار ہے۔پروفیسر کودنڈارام نے تلنگانہ کے مختلف شعبوں کی تقسیم میں تاخیر پر تشویش کا اظہار بھی کیا اور کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے باوجود مخالفین نت نئے طریقوں سے تلنگانہ کی ترقی میںرخنہ اندازی کی کوششیں کررہے ہیں۔انہوں نے پانی‘ برقی اور اراضیات پر آندھرائیوں کی اجارہ داری کی برقراری پر تشویش ظاہر کی اور کہاکہ ساٹھ سالوں تک تلنگانہ کے وسائل کے بے دریغ استعمال کے بعد بھی آندھرائی قائدین اور سرمایہ دارمذکورہ شعبہ جات پر برقراری کے ذریعہ سنہری اور سماجی تلنگانہ کی قیام میں رکاوٹیںکھڑی کررہے ہیں۔ پروفیسر کودنڈارام نے تلنگانہ آزاد فورس کے منتظمین اور ذمہ داران سے اس موقع پر سنہری وسماجی تلنگانہ کی تشکیل کو یقینی بنانے کی جدوجہد کے آغاز کی دعوت دی۔ انہوں نے بے گھر افراد جو تلنگانہ کے ہونے کے باوجود ایک ذاتی مکان سے محروم ہیںکی بھی سروے کے ذریعہ فہرست تیار کرنے کا آزاد فورس کے ذمہ داران کو مشورہ دیااور کہاکہ اس سروے اور فہرست کے ذریعہ تلنگانہ میںپسماندگی کاشکار طبقات کے حقیقی اعداد وشمار کا اندا ز لگایا جاسکے گا۔ میونسپل جے اے سی چیرمن و صدر ٹی وی وی گریٹر حیدرآباد تروپتی یادیا نے راست تلگودیشم سربراہ چندرابابو نائیڈو کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جنا پریہ رئیل اسٹیٹ کے نام پر مستحق افراد کی اراضیات کو خانگی ملکیت میںتبدیل کرلیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ شہر حیدرآباد اور اس کے مضافات میںلاکھوں ایکڑ سرکاری اور صرفخاص کی اراضی کو خانگی ملکیت میںتبدیل کرتے ہوئے تلنگانہ کی عوام کو پکے اور ذاتی مکانات سے محروم رکھا گیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ آج بھی شہر حیدرآباد کی آبادی کا بڑا حصہ شہر اور مضافات میںجھونپڑیوں میںزندگی گذارنے پر مجبور ہے۔ٹی جی اوز گریٹر حیدرآباد صدر کرشنا یادو‘ ٹی جے اے سی گریٹر حیدرآباد چیرمن ڈاکٹر سریدھر‘ مسٹر سدھاکر‘ محمد رفیع‘ محمد شاہد کے علاوہ ‘ صغرا بیگم‘ وسندھر ریڈی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ یومِ تاسیس تقریب سے قبل تلنگانہ نظریہ ساز آنجہانی اچاریہ جئے شنکر کو شردھانجلی پیش کی گئی اور علامتی یادگارِ شہیداں پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے تمام قائدین نے شہدائے تلنگانہ کی قربانیوں کو بھر پور خراج پیش کیا۔ بعدازاں پروفیسر کودنڈا رام نے کیک کاٹ کر تلنگانہ آزاد فورس کی دوسری سالگرہ تقریب کی تکمیل کی۔ ٹی اے ایف منتظمین نے پروفیسر کودنڈا رام کے بشمول صغرا بیگم‘ کرشنا یادو‘ تروپتی یادیا‘ محمد رفیع‘ روشن بالو اور دیگر کو تہنیت پیش کرتے ہوئے تلنگانہ تحریک میںمذکورہ قائدین کے گراں قدر تعاون کی ستائش بھی کی۔