چیف منسٹر کے سی آر پر اقتدار کا بے جا استعمال کرنے کا الزام ، سی پی آئی کی پورو باٹا ریالی کے اختتام پر جلسہ سے خطاب
حیدرآباد /4ڈسمبر ( سیاست نیوز ) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی ) نے تلنگانہ حکومت کو سخت پیغام دیتے ہوئے اپنی یاترا کا اختتام کیا ۔ سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری مسٹر سورارام سدھاکر ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرا شیکھر راؤ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے سی آر اقتدار کا بے جا استعمال کر رہے ہیں ۔ وہ آج یہاں پورو باٹا کے اختتام پر جلسہ عام سے مخاطب تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صرف یاترا کا اختتام ہی ہوا ہے بلکہ تحریک عوامی مفادات کے حق میں جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جس مقصد اور جس نعرہ کی بنیاد پر تلنگانہ کا قیام اور تحریک چلائی گئی تھی حکومت اس مقصد سے ہٹ چکی ہے اور سماجی تلنگانہ کا خواب دھرہ کا دھرہ رہ گیا ہے ۔ کریم نگر کے امبیڈکر گراؤنڈ سے سرکس گراؤنڈ تک بڑی ریالی کے اختتام پر جلسہ عام منعقد کیا گیا ۔ جس میں سی پی آئی کے سرکردہ قائدین ڈی راجہ کے نارائنا ،کانگریس کے ریاستی صدر اتم کمار ریڈی ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم سابق ایم پی ، سی پی آئی سید عزیز پاشاہ تلگودیشم کے ریاستی صدر رمنا و دیگر بھی شریک تھے ۔ ان قائدین نے اپنے خطاب میں ریاستی حکومت کو سخت پیغام دیا ۔ مخالف حکومت اپوزیشن جماعتوںکا ایک پلیٹ فارم سے یہ پیغام حکومت کیلئے ایک انتباہ تصور کیا جارہا ہے ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور وہ عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی بے گھر غریب عوام کو ڈبل بیڈروم کا وعدہ کرتے ہوئے اس کو پورا نہیں کیا گیا بلکہ خود چیف منسٹر نے اپنے لئے 65 کمروں کا آشیانہ تیار کرلیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر پر الزام لگایا کہ وہ غریب عوام پر ٹیکس کا زائد بوجھ عائد کرتے ہوئے سہولت بخش زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری نے کہا کہ دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے 62 نشستوں پر کامیابی حاصل کیا اور کے سی آر خود چیف منسٹر بن گئے اور بے شرمی کی انتہا کردی ۔ انہوں نے کے سی آر کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دیگر سیاسی پارٹیوں سے منتخب ارکان کو پارٹی میں شامل کرتے ہوئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ جو کہ کسی کا جھوٹا کھانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے سخت انداز میں کہا کہ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ ایمانداری کا مظاہرہ کرنے کیلئے ان ارکان سے استعفیٰ دلوائیں بصورت دیگر انہیں عوامی تحریکوں کی رسوائی کرنے والا قائد تصور کیا جائے گیا ۔ انہوں نے کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام اور شہدائے تلنگانہ کے افراد خاندان سے معذرت خواہی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور بے بنیاد وعدوں میں کے سی ار اور مودی ایک دوسرے سے آگے ہیں ۔ تلنگانہ مسٹر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد زندگیوں میں خوشحالی کا خواب دیکھنے والے پچھڑے اور کمزور طبقات کو ٹی آر ایس کی حکومت میں ہر قدم پر مایوسی اور ناامیدی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں یہ احساس پیدا ہو رہا ہے کہ وہ ٹی آر ایس کی حکومت میں دھوکہ اور ناانصافی کا شکار ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بہبود کے اقدامات اور ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز کی خلت کا بہانہ بنانے والے چیف منسٹر نے 20 ہزار کروڑ روپئے کنٹراکٹرس کو ادا کئے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیوں کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ پورا نہ کرنے والے چیف منسٹر کو ان کے ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے ۔ اس اجلاس عام کو دیگر قائدین نے بھی مخاطب کیا اور حکومت کی سخت پیغام دیا اور اس بات کا اشارہ بھی دیا گیا ہے کہ عوامی مفادات کے حق میں حکومت کو گھیرنے کیلئے تمام سیاسی سیکولر سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوسکتی ہیں ۔
برقی شٹ ڈاؤن
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( راست ) : اسسٹنٹ انجینئر محکمہ برقی عطا پور کے بموجب 5 دسمبر کو چنتل میٹ برقی فیڈر کی مرمت و درستگی عمل میں آئے گی ۔ جس کے پیش نظر صبح 11 تا 5 بجے شام کے درمیان چنتل میٹ اور دیگر قریبی علاقوں میں برقی سربراہی مسدود رہے گی ۔۔