بھدروا۔/6اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر میں ضلع بوڈا کے بھدروا تحصیل میں آج ایک گیس سلینڈر دھماکہ سے پھٹ جانے کے واقعہ میں ایک ہی خاندان کے 4ارکان بشمول ایک شیر خوار بچہ زخمی ہوگئے۔ مقامی پولیس آفیسر سردارسجاد احمد خاں نے بتایا کہ یہ حادثہ آج دوپہر بھدوار ٹاؤن کے عید گاہ علاقہ میں پیش آیا۔ دھماکہ کی آواز سنائی دیتے ہی پڑوسیوں نے وہاں پہنچ کر آگ بجھائی۔ اطلاع پر پولیس اور فائر بریگیڈ نے وہاں پہنچ کر مکینوں کو باہر نکال لیا اور ابتدائی مرہم پٹی کے بعد ایر فورس ہیلی کاپٹر کے ذریعہ گورنمنٹ میڈیکل کالج ہاسپٹل جموں منتقل کردیا گیا۔
ہائیکورٹ کے احاطہ میں فائرنگ کا واقعہ
جموں۔/6اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر ہائی کورٹ کامپلکس کے احاطہ میں حملہ آوروں کے گروپ نے ایک شخص کو گولی ماردی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ واقعہ دو ٹولیوں کے درمیان پرانی خصومت کا نتیجہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے احاطہ میں آج دوپہر حریف گروپ کی فائرنگ میں ایک شخص کے پیر میں گولی پیوست ہوگئی ، اسے زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے بعض مشتبہ افراد کو گرفتار کے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔