حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : عزم و حوصلے بلند ہوں تو انسان کچھ بھی کرسکتا ہے اور محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی ۔ کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے سخت مسابقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کی دو با حوصلہ لڑکیوں نے اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ ہر رکاوٹ کا کامیابی سے مقابلہ کیا ۔ ہم بات کررہے ہیں پائلٹ سلویٰ فاطمہ اور ثانیہ صدیقی کی ان دونوں کا تعلق پرانا شہر سے ہے ۔ سلویٰ فاطمہ نے بچپن سے طیارے اڑانے کا خواب دیکھا تھا اور اس خواب کو ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے تعاون نے سچ کر دکھایا حکومت تلنگانہ کی جانب سے سلویٰ فاطمہ کی نیوزی لینڈ میں ملٹی انجن ٹریننگ کے علاوہ بحرین میں ریڈیو ٹائپ رائٹنگ کے لیے 35 لاکھ روپئے جاری کئے گئے جب کہ ثانیہ صدیقی نے بھی اپنے عزم و حوصلہ کے ذریعہ یہ ثابت کردیا کہ وہ حصول علم کے لیے کسی بھی آزمائش اور مشکل کا سامنا کرسکتی ہے ۔ شہر حیدرآباد کے تاریخی محلہ فتح دروازہ کی ساکن ثانیہ صدیقی کے والد محمد عبدالساجد صدیقی 9 برسوں سے فالج سے متاثر ہیں اور والدہ وحیدہ صدیقی بی ایچ ایم ایس ڈاکٹر ہیں ۔ ثانیہ صدیقی کا امریکہ کے Kennedy-Lugar Youth Exchange and Study Program (YES) کے تحت امریکہ میں ایک سالہ تعلیم کے لیے انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ یہ دراصل امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا پروگرام ہے جس کی فنڈنگ بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیرس (ECA) کرتا ہے ۔ ثانیہ صدیقی نے سینٹ مارکس بوائز ٹاون ہائی اسکول سے ایس ایس سی کیا اور 5 ویں جماعت سے ان کے تعلیمی اخراجات فیض عام ٹرسٹ نے برداشت کئے ۔ 5 ویں تا دسویں جماعت تک فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے ثانیہ کی تعلیم پر 98030 روپئے خرچ کئے گئے ۔ بہر حال جمعہ 28 جولائی کو سلویٰ فاطمہ اور ثانیہ صدیقی کی ایک تہنیتی اور وداعی تقریب شام 5 بجے سیاست کے گولڈن جوبلی ہال میں منعقد ہوگی ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین مہمان خصوصی ہوں گے ۔۔