سلوواکیہ میں پہلی بار خاتون صدر کا انتخاب

براتیسلاؤ،یکم اپریل(سیاست ڈاٹ کام) سلواکیہ میں حکومت کی سخت ناقد اور بدعنوانی کے خلاف متحرک خاتون زوزانا کیپوٹوا انتخابات میں کامیابی کے بعد مشرقی یوروپ کے ملک سلوواکیہ کی پہلی خاتون صدر بن گئیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق صدارتی انتخاب میں ماحولیاتی وکیل زوزانا نے 58.40 فیصد ووٹ جبکہ ان کے مخالف امیدوار اور یوروپی یونین کے توانائی کمشنر ماروس سیفچووک نے 41.59 فیصد ووٹ حاصل کیے ۔نو منتخب صدر کا کہنا تھا کہ‘ ‘انتخابی نتائج اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ آپ اپنے مخالفین پر حملہ کئے بغیر بھی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں، اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ یہ روایت یوروپی اور سلوواکیہ کی پارلیمنٹ میں ہونے والے انتخابات میں بھی برقرار رکھی جائے گی۔دوسری جانب ان سے شکست کھانے والے حکمران جماعت کے امیدوار ماروس سیفچووک نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سلوواکیہ کی پہلی خاتون صدر گلدستہ کی حقدار ہیں’۔مشکلات کا سامنا کرنے والی زوزانا کیپوٹوا نے 2016 میں اپنے آبائی علاقے پیزنوک میں لینڈ فل کا منصوبہ روکنے پر کامیابی میں ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔فروری 2018 میں ایک تحقیقاتی صحافی کے قتل پر وہ 54 لاکھ آبادی والے وسطی یوروپی ملک میں ہزاروں افراد کو سڑکوں پر لانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ دوسری جانب اس حوالے سے سلوواکیہ کے وزیراعظم پیٹر پیلگرینی جو حکمراں جماعت سمیر ایس ڈی سے تعلق رکھتے ہیں، نے کہا کہ انہیں نومنتخب صدر سے تعمیری تعاون کی توقع ہے ۔