سلور جوبلی مدینہ گولڈ میڈلس ایوارڈس فنکشن

محمد سلیم ایم پی مہمان خصوصی ۔ 150 ٹاپ رینکرس کو اعزازات ۔ کے ایم عارف الدین
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : مدینہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام سلور جوبلی مدینہ گولڈ میڈل ایوارڈ فنکشن 26 ستمبر کی شام مدینہ ایجوکیشن سنٹر روبرو باغ عامہ میں منعقد ہوگا ۔ مغربی بنگال کے ممتاز قائد محمد سلیم رکن پارلیمنٹ مہمان خصوصی ہوں گے اور جناب ایم اے وحید سابق مینجنگ ڈائرکٹر اسٹیٹ مایناریٹی فینانس کارپوریشن صدارت کریں گے ۔ جناب کے ایم عارف الدین سکریٹری مدینہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے بموجب اس سال 150 ہونہار اور میرٹ کے اساس پر امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ اور تعلیمی میدان میں نمایاں سماجی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو گولڈ میڈل پیش کئے جائیں گے ۔ جن پر مہر نبوت کندہ ہوں گی ۔ جناب کے ایم عارف الدین نے بتایا کہ سوسائٹی کے تحت گذشتہ 30 برس سے کے جی تا پی جی سطح پر 14 تعلیمی ادارے کامیابی کے ساتھ چلائے جارہے ہیں ۔ انجینئرنگ ، فارمیسی ، بزنس مینجمنٹ ، گرلز اور بوائز ہاسٹلس اور چیارٹیبل میڈیکل سنٹر ان میں شامل ہیں ۔ مدینہ گولڈ میڈل ایوارڈس کی پیشکشی کا مقصد آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مسلم اقلیتی طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔۔