سلم بستیوں کو ترقی یافتہ بنانے ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر

حیدرآباد۔17جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے سوچھ حیدرآباد مہم کے تحت پرانے شہر میںترقیاتی کاموں کے متعلق محکمہ بلدی برقی اور آبرسانی کے علاوہ محکمہ مال کے عہدیداروں کے ہمراہ نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمودعلی نے ڈپٹی چیف منسٹر کیمپ آفس میںجائزہ اجلاس منعقد کیا۔زونل کمشنر جی ایچ ایم سی ساوتھ زون بالا سبرامنیم ریڈی‘ سیکشن آفیسر ایم اے باسط‘ آرڈی او حیدرآباد کے نکھیلہ‘ نوڈل آفیسر خواجہ حمید الدین ‘تحصیلدار چارمینار ٹی امرناتھ‘سینئر آفیسر ڈی اے او ڈبلیو محمد ظہیر‘ ایس آئی چادرگھاٹ نوین‘ بل کلکٹر اے مقصود‘مینٹر محمد رفیع‘ تحصیلدار عنبر پیٹ اے راج شیکھر‘تحصیلد ار کلکٹریٹ ناگ راج‘ایم اے ستار خان‘ ایم اے باری اور دیگر عہدیداران نے بھی جائز ہ اجلاس میںشرکت کی۔ جناب محمد محمو دعلی نے اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے سات سلم بستیوں کو ترقی یافتہ بنانے اور وہاں پر ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر عمل میں لاتے ہوئے فی کس دو بیڈروم‘ہال ‘ کچن پر مشتمل فلیٹ فراہم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے علاوہ پرانے شہر کے دیگر اسمبلی حلقہ جات میںبھی سلم بستیوں کو ترقی یافتہ بناتے ہوئے وہاں کی عوام کو ریاست کی ترقی کاحصہ دار بنانا حکومت تلنگانہ کی اولین ترجیح ہے۔بعد ازاں جناب محمد محمودعلی نے پلی گوڑہ سلم‘ اعظم پورہ مرکز‘ کمل نگر‘ شنکر نگر‘ مہاجرین کیمپ‘ ونائک ویدی او رملک پیٹ کے دیگر سلم علاقوں کا بھی محکمہ بلدی برقی اور آبرسانی عہدیداروںکے ہمراہ دورہ کیا۔ اس موقع پر جناب محمد محمودعلی نے عہدیداروں کو ہفتہ میںدومرتبہ عوام سے ملاقات کرنے اورمسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے اسکے حل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ پرانے شہر کونئے شہر کے طرز پر ترقی یافتہ بنانے کے اپنے اعلان کی پابند عہد ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سوچھ حیدرآباد کے خصوصی بجٹ کے ذریعہ پرانے شہر کو ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پرانے شہر کی ترقی کے لئے حکومت تلنگانہ جامع منصوبے پر کام کریگی۔انہوں نے مقد س ماہ رمضان کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات اور بلاوقفہ برقی فراہم کرنے کی بھی عہدیدارو ںکو ہدایت دی۔