ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن کی جانب سے فوڈ اینڈ ہائجن کٹس کی تقسیم۔ شعور بیداری مہم
حیدرآباد۔23؍ فبروری۔ (پریس نوٹ ) ۔ پرانے شہر حیدرآباد کے سلم علاقوں میں ٹی بی اور MDR-TBسے لوگ تیزی سے متاثر ہورہے ہیں۔ ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن نے ٹی بی سوسائٹی، RNTCPکے اشتراک سے جنگم پیٹ، بابانگر، شاہین نگر، ایر ہ کنٹہ، وادی، بنڈلہ گوڑہ،غوث نگر، ہاشم آباد، اندرانگر، نوری نگر، میلاد نگر، قباکالونی، احمد نگر، جہانگیر آباد، حبیب نگر، جھرہ، نامپلی، دھول پیٹ ، آغاپورہ میں ٹی بی اور MDR-TB سے متاثرہ کے علاوہ اولڈ سٹی اربن سلم بستیوں میں ’’ہایجن اینڈ فوڈ پیکس‘‘ تقسیم کئے جو رومال اینٹی سیپٹک لوشن انڈوں کی ٹرے، دو کلوکچے چنے اور چنے کی دال، ایک کلوگرام رائی، دس کلو گرام چاول، دولیٹر خوردنی تیل ، 40ٹی بی مریضوں میں تقسیم کئے۔ انہیں دق سے بچنے کی احتیاطی تدابیر سے واقف کروایا گیا۔ خوراک، تغذیہ، روابط سے متعلق بھی سمجھایا گیا۔ ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن کے صدر جناب مجتبیٰ عسکری کے بموجب پرانے شہر کے اربن سلم علاقوں میں فائونڈیشن کے چھ والنٹرس بارکس میں گورنمنٹ کمیونٹی سنٹر سے روابط میں ہیں، جہاں MDE-TBسے متاثرین کا ریکارڈ محفوظ کیا جارہا ہے۔ یہ والنٹرس مہینے میں دو تین مرتبہ ان متاثرین کے گھر کا معائنہ کریں گے اور ان کی ادویات اور خوراک سے متعلق شعور بیدار کریں گے، اس کے علاوہ متاثرین کے تمام ارکان کو بھی TBٹسٹ کی ترغیب دی جارہی ہے۔ جو RNTCPکے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ہے۔گورنمنٹ کمیونٹی سنٹر بارکس کے ٹی بی آفیسر ڈاکٹر چیلادیوی نے بتایا کہ ٹی بی سے مقابلہ اور اس کے خاتمہ کے لئے مناسب اور متوازی خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ ناقص غذا کی وجہ سے بیشتر افراد دق کے شکار ہوتے ہیں۔ جناب مجتبیٰ عسکری کے مطابق ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن مختلف سطحوں پر صحت سے متعلق شعور کی بیداری کے لئے مہم چلا رہا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ اربن سلم علاقوں میں ناخواندگی، بڑے خاندانی غربت، گنجان رہائشی علاقے جہاں ہوا روشنی کا گزر نہیں ، یہ سب مختلف امراض کا باعث ہیں۔ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ان سلم بستیوں میں رہنے والے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے جفاکش ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ مسلسل علاج نہیں کرواسکتے ۔ RNTCPنے اگرچہ ایک نیا سسٹم روشناس کروایا ہے جس سے متاثرین ٹی بی کا ڈاٹا محفوظ ہوتا ہے تاہم یہ اس لئے اثر انداز نہیں کے یہاں سے لوگ وقفہ وقفہ سے اپنے مکان تبدیل کردیتے ہیں۔