سلمان کی سزاء کے التواء کی درخواست ، سماعت جولائی تک ملتوی

جودھپور۔ 7 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کی جودھپور کی مقامی عدالت میں سرخیوں میں چھائے کالے ہرن شکار معاملہ میں فلم اداکار سلمان خان کی سزا ملتوی کرنے کی درخواست پر اگلی سماعت 17 جولائی کو ہوگی۔ضلع و سیشن جج اندر کمار سونگرا نے آج اس معاملہ کی پہلی سماعت کرتے ہوئے اگلی پیشی17 جولائی کو مقررکی۔ سخت سکیورٹی کے درمیان اداکار سلمان خان کی بہن الویرا اور دوست وسابق ممبر اسمبلی بابا صدیقی کے ساتھ عدالت پہنچے۔ وہ تقریباً آٹھ منٹ تک عدالت میں رہے ۔جج کی طرف سے اگلی تاریخ دینے کے ساتھ ہی سلمان خاں نے آرڈر شیٹس پر دستخط کئے اور اپنی موجودگی درج کرائی۔سلمان کے وکیلوں نے عدالت میں ایک درخواست پیش کرکے اس معاملہ پر بحث کرنے کیلئے وقت مانگا۔ وکیلوں نے یہ بھی دلیل دی کہ اس سے متعلق ایک اور کیس کی سماعت ہونی ہے اس لئے اپنا موقف رکھنے کی اجازت دی جائے ۔ پبلک پراسکیوٹر پوکر رام بشنوئی کی جانب سے اعتراض نہ کرنے پر عدالت نے درخواست کو منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت 17 جولائی مقرر کردی۔ دو دہائی قبل ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران کالے ہرن کے شکار کے معاملے میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ دیو کمار کھتری نے گزشتہ پانچ اپریل کو سلمان خان کا مجرم ٹھہراتے ہوئے پانچ سال کی سزا اورمالی جرمانے کی سزا دی تھی۔