جودھپور ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : فلمی اداکار سلمان خاں نے آج ایک سیاہ ہرن کے شکار سے متعلق قانون اسلحہ کیس میں اپنا بیاں ریکارڈ کروانے کے لیے عدالت میں حاضری دی ۔ انہوں نے چیف جوڈیشنل مجسٹریٹ انوپم بجلانی کے روبرو حاضر ہو کر اپنے آپ کو بے گناہ قرار دیا ۔ فلمی اداکار کے وکیل ایچ ایم سرسوت نے یہ اطلاع دی ۔ اور بتایا کہ عدالت نے 4 مئی کو دوبارہ حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ اس موقع پر سلمان خاں کے ساتھ باڈی گارڈ شیرا اور بہن الویرا بھی تھے ۔ قبل ازیں فلمی اداکار کے باونسر ( محافظ ) نے عدالت کے باب الداخلہ پر پولیس کے ساتھ بحث و تکرار کرلی تھی ۔ جب انہیں کمرہ عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے آرمس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ سلمان خاں نے جودھپور کے قریب کانکنی گاوں میں ایک سیاہ ہرن کے شکار کے لیے یکم اکٹوبر 1998 کی شب لائسنس یافتہ ہتھیار کا استعمال کیا تھا لیکن اس کی مدت ختم ہوگئی تھی جس کے باعث فلمی اداکار کے ہتھیار کا استعمال غیر قانونی ہوگیا تھا ۔ سیاہ ہرن ایک محفوظ جانور ہے ۔