سلمان خاں دوبارہ شوٹنگ سے رجوع

سرینگر ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : سوپر اسٹار سلمان خاں نے آنے والی فلم بجرنگی بھائی جان کے آخری مرحلہ کی شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے ۔ جب کہ 49 سالہ سلمان خان کو سال 2002 کے ہٹ اینڈ رن کیس میں ممبئی کی ایک مقامی عدالت نے 5 سال کی سزائے قید سنائی تھی ۔ بعد ازاں ممبئی ہائی کورٹ نے اس سزاء کو معطل کردیا تھا ۔ وہ 5 دن تک وادی کشمیر میں فلم کی شوٹنگ کریں گے ۔ ہدایت کار کبیر خاں اپنے ٹوئٹر پر یہ اطلاع دی ہے اور بتایا کہ سلمان خاں کشمیر واپس آگئے ہیں اور 5 دن تک فلم بجرنگی بھائی جان کی شوٹنگ میں حصہ لیں گے ۔ ایکشن سے بھر پور ڈرامائی فلم میں سلمان خاں کے ساتھ کرینہ کپور کام کررہی ہیں ۔ قبل ازیں ان دونوں نے ’باڈی گارڈ ‘، ’کیوں کی ‘اور ’میں اور مسز کھنہ ‘ میں کام کیا تھا ۔ کبیر خاں کی ہدایت کاری میں سلمان خاں دوسری مرتبہ بجرنگی بھائی جان میں کام کررہے ہیں جب کہ ان کی پہلی فلم سال 2012 کی کامیاب فلم ایک تھا ٹائیگر تھی ۔ توقع ہے کہ کشمیر میں شوٹنگ مکمل کرلینے کے بعد کک اسٹار سورج برجاتیہ کی فلم پریم رتن دھن پیاو میں سونم کپور کے ساتھ سیٹ پر آئیں گے ۔ فلم ’بجرنگی بھائی جان ‘ عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی ۔