سلمان خان کے مقدمہ میں گواہان غیر حاضر

ممبئی ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے 2002 ء میں ٹکر اور فرار‘‘ کیس میں آج عدالت میں سماعت نہیں ہوسکی کیونکہ گواہان عدالت میں حاضر نہیں ہوسکے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق پہلے تین گواہوں کے بیانات آج استغاثہ کی جانب سے ریکارڈ کئے جانے والے تھے جن میں سے ایک باندرہ میں واقع ایک لانڈری کا مالک ہے جس کے قریب فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے افراد پر سلمان نے اپنی گاڑی چڑھادی تھی جبکہ دیگر دو پنچ گواہان ہیں۔ پراسیکیوٹر جگناتھ کینجالکر نے عدالت کو بتایا کہ لانڈری کا مالک حاضر عدالت اسلئے نہیں ہوسکا کہ فالج کے حملہ کے بعد فی الحال وہ زیر علاج ہے جبکہ دو پنچ گواہان میں سے ایک لاپتہ بتایا گیا اور دوسرا بنگلور گیا ہوا ہے۔