سلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی جان کا ریکارڈ کلکشن

عوام کی اپیل کا اثر بھی بیکار ثابت ، ہند پاک سفارتی تعلقات میں استحکام ممکن
حیدرآباد ۔ 20 ۔جولائی (سیاست نیوز) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی جان کیلئے شہر کی تھیٹروں میں ہجوم دیکھا جارہا ہے اور عوام بلیک میں ٹکٹ خریدتے ہوئے فلم دیکھ رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ فلم کی مختلف بڑے اداکاروں کی جانب سے جذباتی تشہیر نے شائقین فلم کے جوش میں مزید اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ فلم کی ریلیز کے پہلے ہفتہ میں بجرنگی بھائی جان کا کلکشن 102 کروڑ 60 لاکھ روپئے تک پہنچ چکا ہے ۔ سلمان خان کی یہ آٹھویں فلم ہے جو کہ 100 کروڑ کلکشن والی فلم کی فہرست میں شامل ہوئی ہے۔ بجرنگی بھائی جان فلم کی ریلیز سے قبل مختلف گوشوں کی جانب سے سلمان خان کی اس فلم کو نہ دیکھنے کیلئے نت نئے انداز سے مہم چلائی جارہی تھی اور یہ باور کیا جارہا تھا کہ مذکورہ فلم مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی ہے ۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ اس فلم کو جو منفی تشہیر حاصل ہوئی ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بجرنگی بھائی جان فلم نے چاند رات اور عید کے بعد دو دن یعنی اندرون تین یوم 102 کروڑ کا بزنس کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ ہندوستان میں منفی یا مثبت تشہیر معنی نہیں رکھتی بلکہ تشہیر کے ذریعہ عوام کو کسی بھی راہ پر ڈالا جاسکتا ہے ۔ بعض گوشے جو سلمان کی مودی سے قربت پر برہمی کا اظہار کرتے ہیں ، ان کی جانب سے بھی اس فلم کو نہ دیکھنے بلکہ فلم ہی نہ دیکھنے کی اپیلیں کی گئی تھیں لیکن سوشیل میڈیا پر جاری اس فلم کے تعلق سے مہم میں ایک اشتہار ایسا بھی گشت کر رہا ہے جس میں اس تھیٹر کے نام کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ ایسے گروہ سے تعلق رکھنے والوں کی ہے جو سلمان خان کی فلم کی مخالفت کر رہے ہیں۔ سلمان خان کی فلم بجرنگی بھائی جان نے نہ صرف بھاری کلکشن کے ذریعہ ریکارڈ قائم کیا ہے بلکہ بجرنگی بھائی جان میں سلمان خان نے جو گدے کا لاکٹ پہنا ہے وہ آن لائین فروخت کیلئے بھی دستیاب ہوچکا ہے ۔ نوجوان بالخصوص مسلم نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اس طرح کے کسی بھی فیشن سے اجتناب کریں۔ شہر حیدرآباد کی مختلف تھیٹرس میں سلمان خان کی فلم دیکھنے کے شائقین میں برقعہ پوش خواتین کی بڑی تعداد نظر آرہی ہے جو باعث فکر ہے۔ شہر کے ملٹی پلکس تھیٹروں کے علاوہ دیگر تھیٹروں میں ٹکٹ بلیک کرنے والوں کا کاروبار عروج پر نظر آرہا ہے اور شو کے آغاز و اختتام کے موقع پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک کے مسائل دیکھے جارہے ہیں۔ بجرنگی بھائی جان فلم کے متعلق عوامی رائے جاننے کی جب کوشش کی گئی تو یہ کہا جارہا ہے کہ بجرنگی بھائی جان فلم میں ہند۔پاک کشیدگی کو کم کرنے اور دوستانہ ماحول کو فروغ دینے کیلئے جس جذباتی انداز میں کوشش کی گئی ہے ، اس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ فلم کے ذریعہ بھی سفارتی تعلقات کو مضبوط و مستحکم کیا جاسکتا ہے۔