سلمان خان کی بہن ارپیتا اور آیوش شرما شادی کے بندھن میں بندھ گئے

رات بھر رقص و موسیقی کی محفل
بالی ووڈ ’خان۔دان‘ کی یادگار تقریب
ہوٹل کے راستوں پر سلو میاں کے مداحوں کی کثیر تعداد
تاج فلک نما کے اطراف سٹی پولیس کا سخت پہرا، ہوٹل میں گارڈس سرگرم
حیدرآباد۔18۔نومبر (سیاست نیوز) بالی ووڈ کے سوپر اسٹار سلمان خان کی بہن ارپیتا خان تاریخی شہر حیدرآباد کی عالمی شہرت یافتہ پرتعیش ہوٹل تاج فلک نما میں آیوش شرما کے ساتھ آج شام شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ بالی ووڈ کے ’’طاقتور خان۔دان‘‘کی متبنیٰ (گود لی ہوئی ) بیٹی کی شادی کا چرچہ ایک طویل عرصہ سے پرنٹ اور الیکٹرانک ذرائع ابلاغ کی شہ سرخیوں میں رہا۔ سابق ریاست حیدرآباد کے آصف جاہی حکمرانوں کے شاہی محل میں شاہانہ ٹھاٹ باٹ کے ساتھ 18 اور 19 نومبر کو شادی کی دو روزہ تقاریب منعقد ہورہی ہے جن کا آغاز چہارشنبہ کو شام 4.30 بجے ہوا جب اس ہوٹل میں شادی کی بارات نکالی گئی جس میں گھوڑے اور قیمتی کاریں شامل تھے۔ حیدرآباد اور دہلی کے دو خصوصی بیانڈس ساماں نوازی میں مصروف تھے۔ بارات کے ساتھ دولہا سجے سجائے منڈپ میں پہنچا جہاں دولہا آیوش شرما اور دلہن ارپیتا خان نے پنجابی ہندو روایات کے مطابق ایک دوسرے کو جئے مالا پہناتے ہوئے پھیرے لگائے۔ سلمان خان کے والد سلیم خان، والدہ سلمیٰ ، برادران ارباز ، سہیل اور دیگر ارکان خاندان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ 250 سے زائد مہمانوں میں بالی ووڈ، سیاسی میدان ، مقامی تلگو صنعت و تجارتی حلقوں سے وابستہ وی وی آئی پیز کی قابل لحاظ تعداد نے شرکت کی۔ عامر خان، کیٹرینہ کیف اور دیگر کئی اداکار آج دن میں ہی حیدرآباد پہنچ چکے تھے۔ بعد ازاں وی آئی پیز کی آمد کا سلسلہ مسلسل جاری تھا۔ ایرپورٹ سے وقفہ وقفہ سے ہوٹل تاج فلک نما کے باب الداخلہ پر قیمتی کاریں پہنچتی دیکھی گئیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان کاروں میں کون سوار تھے اور دعوت میں کس نے شرکت کی ہے۔ غیر معمولی تشہیر کے سبب شائقین میں پیدا شدہ جستجو کو ملحوظ رکھتے ہوئے سٹی پولیس کی جانب سے ہوٹل تاج فلک نما کے اطراف سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ بالی ووڈ اسٹرانگ میان سلمان خان کے سیکوریٹی گارڈس بھی اطراف و اکناف سیکوریٹی انتظامات پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ سٹی پولیس ہوٹل کے باہری علاقہ میں سیکوریٹی انتظامات کی نگراں تھی جبکہ سلمان خان کے پرسنل گارڈس اور چند دوسرے ہوٹل کے اندر یہ کام انجام دے رہے تھے۔ سابق مرکزی وزیر سکھرام کے نواسے آیوش شرما اور سلو میاں کی بہن ارپیتا کی شادی کے رسوم کی تکمیل کے بعد رات میں پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا جس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک کی انتہائی قیمتی، پسندیدہ اور لذیذ غذاؤں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی لیکن اس طویل فہرست میں تقریباً تمام مہمانوں کی پہلی پسند حیدرآبادی بریانی ، خوبانی کا میٹھا، حیدرآبادی حلیم اور دیگر حیدرآبادی لوازمات بھی شامل تھے۔ ڈنر نصف شب تکجاری تھا جس کے بعد رقص و موسیقی کی شاندار محفل کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک کی مختلف ریاستوں کے رقص و موسیقی ایٹمس پیش کئے گئے۔ رقص و موسیقی کی یہ محفل اس وقت قہقہوں سے زعفران زار ہوگئی جب مہمانوں کی کثیر تعداد میں سلیم خان کی دوسری بیوی اور سلمان خان کی سوتیلی والدہ ہیلن کو اپنے منفرد انداز میں ایٹم پیش کرنے کی خواہش کی۔ واضح رہے کہ ہیلن کئی دہائیوں تک ایک ڈانسر کی حیثیت سے ہندوستانی فلمی شائقین کے دلوں پر راج کرتی رہیں۔ بالخصوص ان کے رقص میں بجلی سی تھرک اور مچھلی سی پھرتی آج بھی یاد کی جاتی ہے۔ اس نائیٹ پارٹی کیلئے جو رات کے پچھلے پہر تک جاری رہی، شرکت کیلئے راجستھانی رقاصوں ، موسیقاروں اور دیگر لوک فنکاروں کے 7 ٹروپس خاص طور پر چارٹرڈ طیارہ کے ذریعہ یہاں لائے گئے تھے جنہوں نے اپنی فنکاری کے ذریعہ ساری محفل کو مسحور کردیا۔ علاوہ ازیں ممبئی سے بھی کئی میوزک اور ڈانس پارٹیاں ہوٹل تاج فلک نما پہنچی تھیں جن کے خصوصی ایٹمس سے مہمان محظوظ ہوتے رہے۔ سلمان خان کے علاوہ دیگر فلمی ستاروں کی محض ایک جھلک دیکھنے کیلئے سینکڑوں شائقین کا ہجوم ہوٹل کے باہر دیکھا گیا جن میں نوجوان لڑکے ، لڑکیوں کی اکثریت تھی ۔ حتیٰ کہ ممبئی سے بھی کئی فلمی شائقین سلمان خان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے یہاں پہنچے تھے۔ سلمان خان کے چند منچلے مداحوں نے وہاں تعینات سیکوریٹی گارڈس پر یہ تاثر پیدا کرتے ہوئے کہ وہ مہمان کی حیثیت سے دعوت میں مدعو کئے گئے ہیں، اپنی گاڑیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکوریٹی گارڈس نے انہیں روک دیا۔ سابق نظام حیدرآباد وزیراعظم نواب وقارالامراء نے 1893 ء میں یہ خوبصورت محل تعمیر کیا تھا جس کی خوبصورتی اور شاہانہ عظمت سے متاثر ہوکر نظام سادس نواب میر محبوب علی خان نے ان سے خرید لیا تھا۔ اس میں چند کمرے ایسے بھی ہیں جس میں بالخصوص نظام اور ان کے ارکان خاندان ہی قیام کیا کرتے تھے ۔ ان قیمتی کمروں میں ایک رات قیام کا کرایہ پانچ لاکھ روپئے ہے۔ ان انتہائی قیمتی کمروں میں نئے دلہا دلہن کے علاوہ سلیم خان اور ان کے ارکان خاندان قیام کئے ہوئے ہیں۔