سلمان خان کو بیرونی ملک کے دورہ کی اجازت

ممبئی ۔ 26 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ممبئی ہائی کورٹ نے آج فلمی اداکار سلمان خان کو ایک شو کیلئے بیرون ملک دورہ کی اجازت دیدی ہے جبکہ وہ 2002 کے ہٹ اینڈ رن کیس میں سزائے قید کے بعد ضمانت پر ہیں ۔ جسٹس شالینی پھنسالکر جوشی نے فلمی اداکار کی داخل کردہ درخواست سماعت کے دوران 29 مئی کو منعقد ہونے والے انڈو عرب بالی ووڈ ایوارڈس تقریب میں شرکت کی اجازت دیدی ہے ۔ سلمان خاں کے وکیل نرنجن مندرگی نے عدالت کو مطلع کیا کہ فلمی اداکار کو اپنے وعدہ کے مطابق 27 مئی تا 30 مئی بیرون ملک دورہ کرنا ہے اور واپسی کے بعد اندرون 12 گھنٹے وہ اپنا پاسپورٹ پولیس کے حوالے کردیں گے چونکہ سلمان خاں سزاء یافتہ قیدی ہیں ۔ دوبئی میں ہندوستانی قونصل خانہ کو ان کی آمد و روانگی کی پیشگی اطلاع دی جائے گی ۔ ہائی کورٹ جج نے یہ ہدایت دی سلمان خان کے دورہ کی تفصیلات بشمول فلائٹ کے اوقات اور نمبر دوبئی میں قیام کا پتہ ، موبائیل نمبر اور لینڈ لائن نمبر تحقیقاتی ایجنسی کو پیش کی جائے ۔۔