ممبئی۔5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو جودھ پورکی عدالت کے ذریعہ 1998ء میں کالا ہرن مارنے کے جرم میں پانچ سال کی سزا کا سب سے زیادہ اثر فلم انڈسٹری پر ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔تجارتی تجزیہ نگاروں کی مانیں تو سلمان خان پر اس وقت مختلف فلموں کے تحت پروڈیوسروں نے 400 سے 600 کروڑ روپئے داؤ پر لگا رکھے ہیں اور عدالت کا یہ فیصلہ تین بڑے فلم پراجکٹ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ 52سالہ سوپراسٹار فی الحال ’’ ریس ۔3‘‘ فلم کی شوٹنگ میں مشغول تھے اور اس بارے میں حتمی معلومات میسر نہیں ہیں کہ آیا اس فلم میں ان کے کردار سے متعلق کام کو مکمل کرلیا گیا ہے یا ابھی کچھ شوٹنگ باقی ہے ۔ ریس ۔3 کے علاوہ کک۔2‘ دبنگ ۔3 اور بھارت یہ تین فلمیں ایسی ہیں جن کی شوٹنگ کی ابھی شروعات ہوئی تھی ۔ لہذا ان میں تو ابھی کوئی خاص نقصان نہیں ہوگا لیکن مجموعی اعتبار سے بالی ووڈ اور تجارت کا بہت بڑا نقصان ہے کیونکہ سلمان کی حیثیت ایک سپر اسٹار کی ہے اور انہوں نے انڈسٹری یکے بعد دیگرے بلاک باسٹر فلمیں دی ہیں ۔ تجارت اُمور کے تجزیہ کار کے مطابق ریس ۔3میں 125 سے 150کروڑ کی رقم لگائی جاچکی ہے ۔ دوسری فلموں میں اگرچہ سرمایہ نہیں لگا ہے لیکن ان فلموں کے تعلق سے شوٹنگ کا جو شیڈول ممکن تھا وہ متاثر ہوگا۔