ممبئی 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سیشن کی عدالت نے جو 2002 ء کے ہٹ اینڈ رن مقدمہ کی سماعت کررہی ہے، جس میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان ملوث ہیں، آج اعلان کرچکی ہے کہ مقدمہ کا فیصلہ 6 مئی کو سنایا جائے گا۔ جج ڈی ڈبلیو دیش پانڈے نے کہاکہ وہ مقدمہ کا فیصلہ 6 مئی کو 11.15 بجے دن سنائیں گے۔ اُنھوں نے سلمان خان کو ہدایت دی کہ اُس وقت عدالت میں حاضر رہیں۔ تاہم سلمان خان آج عدالت میں حاضر نہیں تھے۔ وکیل استغاثہ اور وکلائے صفائی نے کل اِس مقدمہ میں اپنے مباحث مکمل کرلئے۔ 49 سالہ اداکار پر الزام ہے کہ اُس نے اپنی ایس یو وی باندرہ میں ایک لبِ سڑک بیکری میں 28 سپٹمبر 2002 ء کو گھسادی تھی جس کی وجہ سے ایک شخص ہلاک اور دیگر 4 زخمی ہوگئے تھے۔