سلمان خان مقدمہ کی سماعت یکم ؍ جولائی تک ملتوی

ممبئی ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) مقدمہ کے کاغذات کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے ممبئی ہائیکورٹ نے آج بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے خلاف فوجداری اپیل کی سماعت یکم ؍ جولائی تک ملتوی کردی۔ سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن مقدمہ میں مجرم قرار دیا گیا ہے اور اسے 5 سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے۔ جب یہ مقدمہ سماعت کیلئے پیش ہوا تو جسٹس اے آر جوشی کو سلمان خان کے وکیل امیت دیسائی نے اطلاع دی کہ مقدمہ کے کاغذات ہنوز مکمل نہیں کئے گئے تھے۔ جج نے یہ کام عاجلانہ بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت یکم ؍ جولائی تک ملتوی کردی۔ حکومت مہاراشٹرا کی جانب سے وکیل استغاثہ اعلیٰ ایس ایس شنڈے نے فائرنگ کی اور آئندہ سماعت کی تاریخ سے اتفاق کیا۔ سلمان خان حاضر نہیں تھے۔ ان کی ہمشیرہ الویرا موجود تھیں۔ ہائیکورٹ نے 8 مئی کو 5 سال کی سزائے قید کی تعمیل پر حکم التوا دیا تھا۔ یہ مقدمہ 13 سال قدیم ہے اور اداکار کی اپیل سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے اسے ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔