کولمبو ۔ 30ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام )بالی ووڈ اسٹار سلمان خان صدر مہندر راجاپکسے کی الیکشن مہم میں حصہ لینے کیلئے ان دنوں سری لنکا میں موجود ہیں۔یہ پہلی مرتبہ ہے جب کوئی بڑا انڈین فنکار سری لنکا میں صدارتی الیکشن کی مہم میں حصہ لے رہا ہے۔سلمان کے علاوہ سری لنکا میں پیدا ہونے والی جیکولین فرننڈس اور پانچ دوسرے بولی وڈ فنکار بھی راج پکسے کی حمایت میں اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے۔سلمان راجا پکسے کے بیٹے اور رکن پارلیمنٹ نمل کی دعوت پر الیکشن مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔سابق مس سری لنکا جیکولین فرننڈس بھی نمل کی دوست ہیں۔ہندوستان کی ریاست تامل ناڈو میں سرگرم سیاسی جماعت ایم ڈی ایم کے نے راج پکسے کی الیکشن مہم میں حصہ لینے پر سلمان خان کو ‘غدار’ قرار دیا۔2009 میں راجا پکسے کے دور میں فوج اور تامل ٹائیگرز (ایل ٹی ٹی ای) کے درمیان جنگ کے آخری حصہ میں سری لنکا کے تامل اکثریت علاقوں میں ریکارڈ شہری ہلاکتیں ہوئی تھیں اور اس وجہ سے راجاپکسے تامل ناڈو کی سیاسی پارٹیوں کی تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔راجاپکسے کی حکمران جماعت سے بڑی تعداد میں لوگ مضبوط حریف میتھری پالا سریسینا کے کیمپ میں شامل ہو گئے ہیں اور موجودہ صدر کی عوامی تائید میں بھی کمی آئی ہے۔ایسے میں امید کی جا رہی ہے کہ بالی ووڈ اسٹارس کی موجودگی سے ان کی الیکشن مہم کو زبردست تقویت ملے گی۔