سلمان خان، شاہ علی بنڈہ کے ووٹر، فہرست میں تصویر بھی شامل

حیدرآباد 2 فروری (این ایس ایس) جی ایچ ایم سی انتخابات کے لئے آج رائے دہی کے موقع پر کئی حقیقی ووٹروں کے نام فہرست رائے دہندگان سے ایک مرتبہ پھر غائب پائے گئے لیکن یہ بھی ایک دلچسپ بات ہے کہ ووٹر لسٹ میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان کا نام تصویر کے ساتھ شامل کیا گیا اور اس سے بھی بڑھ کر مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ پرانا شہر کے شاہ علی بنڈہ علاقہ کے تحت گولی پورہ کے رائے دہندوں کی فہرست میں شامل سلمان خان کے نام کے ساتھ اُن کے والد سلیم خان کا بھی درج تھا۔ اور یہ امر بھی انتہائی تعجب خیز ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے ڈائرکٹر جنرل اے کے خان کا نام ووٹر لسٹ سے غائب پایا گیا۔ مقامی ووٹروں نے فہرست میں اپنے ناموں کی عدم شمولیت اور سلمان خان کے نام کی موجودگی پر تعجب کا اظہار کیا۔