حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : چیرمین تلنگانہ سلطان بازار بڑی چوڑی ہاکرس اسوسی ایشن مسٹر ایم آنند کمار گوڑ نے تلنگانہ ریاست کے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی سے ملاقات کر کے اس بات کی نمائندگی کی کہ سلطان بازار لا اینڈ آرڈر پولیس کو اس بات کی ہدایت دیں کہ وہ سلطان بازار بڑی چوڑی بازار کے ہاکرس کو معمولی باتوں پر ہراساں نہ کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لا اینڈر آرڈر پولیس بشمول اے سی پی روی کمار ، سرکل انسپکٹر سرینواس دیگر پولیس عملہ کے ساتھ مبینہ طور پر برسوں سے فٹ پاتھ پر تجارت کرنے والے افراد کو ہراساں کررہے ہیں جس کی وجہ سے چھوٹے تاجرین میں تشویش پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ان کی معیشت متاثر ہورہی ہے ۔ لہذا پولیس عملہ کو غریب تاجرین کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت دیں ۔ مسٹر ایم آنند کمار گوڑ نے ڈپٹی چیف منسٹر کو بتایا کہ کانگریس دور حکومت میں ریاستی وزیر مارکیٹنگ نے یہاں کے اے سی پی اور سرکل انسپکٹر کی پشت پناہی کی تھی جو آج بھی اپنے رویہ میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں لائے ہیں ۔ چیرمین ہاکرس اسوسی ایشن نے اس بات کا اعلان کیا کہ پولیس کے رویہ میں عدم تبدیلی پر وہ تلنگانہ کے ڈی جی پی ، کمشنر پولیس کے علاوہ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر ، وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کر کے انصاف رسانی کی خواہش کریں گے گوکہ ہاکرس کو پولیس کی ہراسانی سے نجات مل سکے اور آزادانہ طور پر بلا خوف تجارت کرسکیں ۔ انہوں نے جناب محمد محمود علی سے خواہش کی کہ وہ اس جانب فوری توجہ دیں ۔۔