واشنگٹن ۔8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے ہندوستان سے ایک بار پھر وعدہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی مصلح سلامتی کونسل کی رکنیت کے لئے ہندوستان کی تائید کرے گا کیونکہ اوباما ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات کو مستحکم کرنے کو اپنی خارجہ پالیسی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہیں۔ دریں اثناء وائیٹ ہاؤز پریس سیکریٹری جوش ارنیسٹ نے بھی اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اوباما نے یہ کہا ہے کہ سلامتی کونسل اب ایک اصلاح شدہ ادارہ ہے جس کی رکنیت ہندوستان بھی حاصل کرنا چاہتا ہے اور امریکہ، اس رکنیت کے حصول کے لئے اپنی پوری تائید کرے گا۔ یاد رہے کہ اوباما نے نومبر 2010ء میں بھی اپنے ہندوستانی دورہ کے دوران ہندوستان سے وعدہ کیا تھا کہ سلامتی کونسل کی رکنیت کے لئے امریکہ تائید کرے گا اور اوباما انتظامیہ کی ابتداء سے ہی یہ خارجہ پالیسی رہی ہے جس سے ہم اچھی طرح واقف ہیں۔ صدر اوباما سے ہم نے کئی بار بات چیت کی ہے اور وہ ہمیشہ اپنے اس دورہ ہند کو یاد کرتے ہیں جس سے وہ بیحد محظوظ ہوئے تھے۔ مسٹر ارنیسٹ کا اشارہ اوباما کے اس دورہ کی جانب تھا جب جاریہ سال 26 جنوری کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر انہیں اعزازی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔